اسلام آباد( وقائع نگار)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بدھ کو بحرین کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔وزیر خارجہ بحرین میں منعقدہ پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمشن (جےایم سی) کےدوسرے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت اور’ جے۔ایم۔سی‘ کے دوسرے اجلاس میں پاکستان کی طرف سے مشترکہ صدارت کریں گے ۔ ’جے۔ایم۔سی‘ کے اجلاس میں کامرس، سرمایہ کاری، توانائی، بیرون ملک ملازمت، زراعت، اطلاعات ونشریات، سیاحت سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا،شاہ محمود قریشی بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سمیت بحرین کی قیادت سے ملاقات کریں گے اور ان سے دوطرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔