مردان ( نمائندہ جنگ) صوبائی حکومت نے مبینہ متنازعہ بجٹ پر ضلع ناظم مردان اور نائب ناظم کو معطل کردیا وزیراعلیٰ پرویز خان خٹک نے حاصل شدہ اختیارات استعمال کرتے ہوئے اے این پی سے تعلق رکھنے والے ضلع ناظم حمایت اللہ مایار اور اس کے اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے نائب ضلع ناظم اسدعلی کشمیری کو معطل کردیا دسمبر 2015میں ترقیاتی بجٹ کے معاملے پر صوبائی حکومت نے سابق وزیربلدیات سردارادریس کی قیادت میں تحقیقاتی کمیشن بنایاتھا جس نے چند ماہ قبل وزیراعلیٰ کو اپنی رپورٹ ارسال کی تھی جن کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ناظم اور نائب ناظم دونوں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے رابطے پر ضلع ناظم حمایت اللہ مایار اورنائب ناظم اسد علی کشمیری اپنی معطلی کی تصدیق کی ۔ ضلع ناظم مردان حمایت اللہ مایار اور نائب ناظم اسد علی کشمیری نے صوبائی حکومت کی طرف سے اپنی معطلی کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ صوبائی حکومت سے محاذ آرائی کی بجائے قانونی جنگ لڑیں گے ،جبکہ آج ڈھائی بجے صورت حال پر غور کے لئے اتحادیوں کا اجلاس طلب کرلیاگیا اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حمایت اللہ مایار اور نائب ناظم اسد علی کشمیری نے کہاکہ ترقیاتی بجٹ کے معاملے پر ان کا معطل کرنا سمجھ سے بالاترہے تاہم وہ صوبائی حکومت سے ٹکر لینے کے بجائے قانونی راستہ اپنائیں گے ۔ضلعی حکومت کی معطلی کے بعد اب ضلع سربراہ کون ہوگا معاملات معلق ہوکر رہ گئے ، بلدیاتی رولز کے سیکشن59کے مطابق جب ضلع ناظم کو معطل کیاجاتاہے تواس کی جگہ نائب ناظم ضلع حکومت کی سربراہی کی ذمہ داریاں سنبھال لیتے ہیں تاہم اگرضلع ناظم اور نائب ناظم دونوں کو معطل کیاجاتاہے تو ایسے میں رولز خاموش ہیں مردان کے ضلع ناظم اورنائب ناظم کی معطلی کے بعد اب ضلعی حکومت کا سربراہ کون ہوگا یوں اس حوالے سے معاملات معلق دکھائی دے رہے ہیں ضلع میں ناظم اور نائب ناظم کے بعد تاحال پرائیذائیڈنگ آفیسروں کی تقرری بھی نہیں کی گئی ہے ۔ ضلع کونسل کے 112ممبران میں اے این پی اوراس کے اتحادیوں کو 62ممبران کی اکثریت حاصل ہے جبکہ تحریک انصاف اوراس کے اتحادی جماعت اسلامی کو 50ارکان کی حمایت ہے ۔ ضلع ناظم مردان اپنے انتخاب کے 8ماہ اور 4دن بعد معطل کردیئے گئے 30اگست 2015کو ضلع ناظم او رنائب ناظم کا انتخاب ہواتھا جس کے ٹھیک 8ماہ اور 4دن بعد وزیراعلیٰ پرویز خان خٹک نے دونوں کو ان کے عہدے سے معطل کردیا بلدیاتی رولز کے مطابق وز یراعلیٰ ایک ماہ کے لئے ناظمین معطل کرنے کے اختیارات استعمال کرسکتے ہیں جس کے بعد تحقیقاتی کمیٹی الزامات کی چھان بین کرے گی