کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قبل از وقت انتخابات کا اشارہ دیتے ہوئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے کہا ہے کہ عام انتخابات وقت سے پہلے ہونے کا امکان ہے۔
کارکن اپنی تیاریاں مکمل کرلیں، پی ٹی آئی کی شکل میں نئی ایم کیوایم سامنے آگئی، آزاد کشمیر میں کھلے عام دھاندلی کی، اگلی حکومت ہماری ہے، بڑی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہے، آپس کے اختلافات الگ رکھنا ہونگے، کراچی کو بچانا ہے تو پی ٹی آئی کو بھگانا ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو پی پی پی کراچی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی، عہدیداران اور کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو صرف پیپلز پارٹی ہی چلا سکتی ہے۔
موجودہ حکومت میں بدترین دھاندلی ہو رہی ہے۔ اگر کراچی کو بچانا ہے تو پی ٹی آئی کو بھگانا ہوگا۔ عوام جان چکی ہے کہ تبدیلی کا اصل چہرہ غربت ہے۔ ہم نے وفاق اور ایم کیو ایم کا مقابلہ کیا۔ کراچی میں بھی پی ٹی آئی کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں۔ کراچی سے آپ نے بدمعاشوں کو بھگانا ہے، آپس کے اختلافات کو 6سے 8ماہ تک ختم کر دیں۔
کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی وقت جنرل الیکشن ہوسکتے ہیں، کارکن ابھی سے تیاری شروع کردیں۔ اگر ہم مل کر کام کریں گے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اگلی حکومت بنانے سے نہیں روک سکتی۔