کراچی میں ویکسی نیشن مراکز پر شہریوں کا تانتا بندھا ہوا، سب آستینیں چڑھارہے اور ویکسین لگوارہے ہیں۔
کراچی میں مثبت کورونا کیسز کی شرح مسلسل اضافے کے بعد 25 فیصد تک جاپہنچی ہے۔
سرکاری و نجی اسپتالوں میں کورونا کے لئے مختص وینٹی لیٹرز، آکسیجن والے ایچ ڈی یو اور بیڈز بھی70 فیصد تک بھر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ نجی و سرکاری اداروں میں ویکسی نیشن لازمی قرار دیئے جانے اور حکومتی اقدامات کی وجہ سے ویکسین لگوانے کا رجحان بھی کافی بڑھا ہے اور لوگ جوق در جوق مختلف ویکسین سینٹرز کا رُخ کررہے ہیں۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں 1 لاکھ 71 ہزار 675 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
ماس ویکسی نیشن سینٹر میں سائینو فارم ویکسین ختم ہونے کے باعث دوسرے ڈوز کے لئے آنے والوں کو واپس بھی بھیجا گیا۔
ویکسی نیشن سینٹر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک سے دو روز میں سائنو فارم ویکسین آجائے گی۔