• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محرم الحرام میں سخت سیکورٹی انتظامات کا فیصلہ، منفی عناصر کے عزائم خاک میں ملادیں گے، کمشنر کوئٹہ

کوئٹہ(خ ن)ریجنل پولیس آفیسر و ڈی آئی جی کوئٹہ محمد اظہر اکرم کے زیر صدارت محرم الحرام کی سیکورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیارخان، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ اسد خان ناصر، ایس ایس پی ٹریفک کیپٹن (ر) شیر علی خان،، ایس ایس پی سیکورٹی سپیشل برانچ بلوچستان حنیف بلوچ،ڈایکٹر پبلک ریلیشنز ٹو آئی جی پی شہزادہ فرحت، ،چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ عطا اللہ بلوچ،ایریا ایس پیز اور تمام مکاتب فکر کے علمائمفتی احمد خا ن خطیب مرکزی جامع مسجد قندھاری،حاجی جواد رفیعی صدر شیعہ کانفرنس، قاری غلام یاسین خطیب مسجد بسم اللہ، مسرت آغا نائب صدر شیعہ کانفرنس بروری، ڈاکٹر عطاالراحمن جامعہ عبدالعزیز، علامہ جمعہ اسدی جامعہ امام صادق، قاری عبداللہ منیر جامعہ مسجد سنہر ی، علامہ علی حسنین امام بارگاہ نیچاری، قاری عبدالراحمن نورزء خطیب جامع مسجد سفیر،قاری عبدالغفور مسجد صفاء، آغا ہاشم موسوی امام بارگاہ کلاں، قاری محمد مسجد عبداللہ جان،، قاسم حسینی سیکورٹی انچارج شیعہ کانفرنس، علامہ محمد کاظم امام بارگاہ گلپائگائی، عبدالرحیم کاکڑ صدر انجمن تاجران ،جلوس کے روٹ کے علاقہ کونسلر و سماجی کارکن میر اسلم رندکے علاوہ دیگر پولیس آفیسرا ن شریک تھے۔اس موقع پرڈی آئی جی کوئٹہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اور جلوس کے روٹس کی سیکورٹی کے لئے پولیس،انتظامیہ، ایف سی، و دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مامور ہونگے۔محرم جلوس کے منتظمین کے ساتھ مل کر سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفند یار خان نےکہا کہ شرپسندوں کو ہمارا اتفاق و اتحاد ہضم نہیں ہوتا۔ علماء کرام اور ذمہ دار شہریوں کے تعاون سے منفی عناصر کے عزائم خاک میں ملا دینگے، انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اور دیگر انتظامات کو بھی حتمی شکل دینے کے حوالے سے اجلاسوں کاانعقاد جاری ہے،کورونا سے بچاؤ کے لیے موجود ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، مجالسِ، جلوسوں و دیگر حسا س مقامات پر ڈسٹر کٹ پولیس کے علاوہ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی سے سفید پارچات میں ملازمان خفیہ نگرانی کے لئے متعین کئے جائینگے۔سیکورٹی پلان کے تحت تھانوں کی سطح پر علاقے میں کرایہ کے مکانوں، سرائے،ہوٹلوں اور شہر کے خارجی اور داخلی راستوں پر چیکنگ اور سیکورٹی کا نظام پہلے ہی سے موثر طور پر کام کر رہا ہے غیر قانونی و غیر نمونہ نمبر پلیٹ کے علاوہ بغیر نمبر اور غیر قانونی گاڑیوں کیخلاف مہم جار ی ہے اس حوالے سے کوئی غیر ذمہ داری نہیں کی جائیگی۔کالے شیشوں اور مشکو ک رکشہ کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی مشتبہ اشخاص اور مشتبہ گاڑیوں کی خصوصی چیکنگ کی جائے گی نیز ڈبل سواری پر دفعہ 144 کے تحت پابندی کے بعد موٹر سائیکل کے لئے خواتین، بچے، بزرگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنٰی ہونگے۔ کوئٹہ شہر میں بھیک مانگنے والے افراد، خوانچہ فروش ریڑھی والوں کو بھی روٹ جلوس، امام بارگاہوں، مقامات مجالس کے قریب جانے کی قطعا اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پولیس کنٹرول روم قائم ہوگا اور عاشورہ کے جلوس کے موقع پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے براہ راست کنٹرول روم کے ذریعے مانیٹرنگ اور عملی اقدامات بھی کئے جائینگے انہوں نے کہا کہ ماضی کے واقعات کے پیش نظر سیکورٹی سخت ہونے کے ساتھ دیگر اہم اقدامات بھی کئے جائینگے،جس میں اچانک چیکنگ، مشکوک رہائش گاہوں کی سرچنگ، بند دکانوں اور مکانوں کی چیکنگ کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر کرایہ داری ایکٹ کے تحت کرایہ کے مکانوں میں رہائش پذیر افراد کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ افغان مہاجرین،غیر ملکی افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے گی بیرونی ناکہ جات خارجی و داخلی راستوں کو مضبوط کیا جائے گا اور دن /رات متواتر چیکنگ کرینگے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قاری عبدالرحمٰن، مفتی احمد خان، سید ہاشم موسوی، ڈاکٹر عطاالراحمن اور غلام یاسین عباسی نے اتحاد بین المسلمین اور دیگر علماء کرام نے کہاکہ محرم الحرام کے موقع پر اور اس کے علاوہ بھی کسی کو مسلمانو ں کے عقائد اور اسلام دین میں تفرقہ ڈالنے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اجلاس میں علمائے کرام کا فیصلہ ہوا کہ سنی و شیعہ علماء کرام اتحاد بین المسلمین، محرم الحرام کے دوران سیکورٹی و دیگر انتظامات کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے افراد کی ذمہ داری کے حوالے سے مشترکہ پریس کانفرنس کر ینگے۔ مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی تاجر برادری ہر ممکن تعاون کرتے ہوئے جلوس کے راستوں پر دکانوں کو سیل کرنے اور جلوس کے موقع پر ساتھ ہونگے۔
تازہ ترین