• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ میں چھٹیوں کے آغاز کے ساتھ کورونا پھیلنے کی رفتار تیز ہوگئی

برسلز( حافظ انیب راشد ) یورپ میں چھٹیوں کے آغاز کے ساتھ ہی کوروناوائرس پھیلنے کی رفتار بھی تیز ہو گئی ہے۔ یہ بات یورپین سینٹر فار ڈیزیز پریوینشن اینڈ کنٹرول( ECDC) کے ذریعے سامنے آئی ہے۔ ای سی ڈی سی نے کورونا کی صورتحال کی بہتر مانیٹرنگ اور یورپین اداروں میں موجود فیصلہ سازوں کی مدد کیلئے اپنا ایک نقشہ بنا رکھا ہے جس میں 5 مختلف رنگوں کے ذریعے یورپ کے مختلف ممالک میں کورونا کے پھیلائو کی صورتحال بتائی جاتی ہے۔ ڈارک ریڈ اور ریڈ سب سے زیادہ پھیلائو، اورنج کلر کم پھیلائو اور سبز رنگ بہتر صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔ ای سی ڈی سی کے مطابق چھٹیوں کے آغاز کے ساتھ ہی اس یورپین نقشے کے رنگ بھی تیزی سے تبدیل ہونا شروع ہوگئے ہیں اور سبز رنگ تیزی سے کم ہو رہا ہے۔ اس وقت فرانس کا آدھا حصہ سرخ ہو چکا ہے اور سارے فرانس میں اب کوئی حصہ بھی سبز نہیں بچا، اٹلی کا سبز رنگ سارا کا سارا اورنج رنگ پکڑ چکا ہے، اسی طرح اسپین جو گذشتہ ہفتے پہلے سرخ ہو اب وہ ڈارک ریڈ ہے، پرتگال بھی گذشتہ ہفتے سے سرخی اوڑھے ہوئے ہے جب کہ سینٹرل ڈنمارک اور یونان کا رنگ بھی سرخ ہے، اس کے ساتھ اسٹونیا، ناردرن ناروے اور آسٹریا کا سالز برگ ایریا اورنج ہے، اس طرح آسانی سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس سال کی چھٹیاں یورپ میں کورونا کے پھیلائو میں اضافے کا سبب بن گئی ہیں۔ ای سی ڈی سی کے مطابق اس نقشے کی اہمیت یہ بھی ہے کہ اسے دیکھ کر یورپین حکام اور ممبر ممالک کی حکومتیں فوری حفاظتی اقدامات اٹھا اور اس پھیلائو کو روکنے کیلئے مختلف پابندیاں عائد کر سکتی ہیں۔
تازہ ترین