• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگی ترین LNG، شہباز شریف نے تحقیقات کا مطالبہ کردیا

لاہور(نمائندہ جنگ،آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خریدنے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آٹے چینی دوائی کی طرح ایل این جی میں بھی قوم کو لوٹا جارہا ہے ،جو ایل این جی 8ڈالر میں خریدی، پی ٹی آئی حکومت وہی 15ڈالر ایم ایم بی ٹی یوپر خرید رہی ہے۔

پی ٹی آئی کی پالیسیوں کا براہ راست نتیجہ ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی کی صورت نکل رہا ہے،پاکستان کے مہنگی ترین ایل این جی خریدنے کی عالمی میڈیا کی تصدیق سے اپوزیشن کا موقف سچ ثابت ہوگیا،اس حقیقت کے سامنے آنے سے ثابت ہوگیا کہ حکومت قوم سے مسلسل غلط بیانی کرتی رہی۔ 

ہفتہ کو ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے جو ایل این جی 8ڈالر میں خریدی، پی ٹی آئی 15ڈالر ایم ایم بی ٹی یوپر خرید رہی ہے، ایل این جی کا ایک جہاز منگوانے پرحکومت 22.5ملین ڈالر اضافی ادا کررہی ہے، ایل این جی کے چار جہازوں کی آمد پر 95ملین ڈالر اضافی ادا کرنے پڑیں گے، رواں ماہ عوام کو ایل این جی کی فی ایم ایم بی ٹی یونٹ 15ڈالر ادا کرنی پڑے گی جو ظلم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کورونا کی شدت کے دوران سستے ایل این جی معاہدے دستیاب تھے لیکن پی ٹی آئی نے دانستہ تاخیر کی پاکستان مسلم لیگ(ن)نے کورونا کی شدت کے دوران سستی ایل این جی خریدنے کا مطالبہ کیا تھا ۔

تازہ ترین