• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کی ترقی سے ملک خوشحال ہوگا‘ سینیٹر ثمینہ ممتاز

کوئٹہ ( پ ر) بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور بلوچستان کی خوشحالی پورے ملک کو خوشحال بنا سکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کی کنوینر سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے وفد سے ملاقات میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا اور معدنی وسائل سے مالامال صوبہ ہے ۔سابقہ ادوار میں بلوچستان کے حکمرانوں نے بیانات، تقریروں، وعدوں کی بھرمار کی لیکن عملدرآمد نہیں کیا اور ان کے اعلانات بھی باقی سب اعلانات اور وعدوں کی طرح ہوا میں تحلیل ہوگئے۔ بلوچستان میں ناراض لوگوں سے مذاکرات خوش آئنداقدام ہے اور اس پر مثبت عملدرآمد کر کے ناراض لوگوں کو بھی قومی دھارے میں لایا جائے گا۔ سی پیک اور گوادر کے منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچ رہا ہے جس سے بلوچستان کے عوام سمیت پورا ملک مستفید ہوگا۔ان منصوبوں سے روزگار کے مواقع میسر ہوں گے اور ساتھ ہی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بھی بہترین مواقع ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گوادر اور سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے خطے میں علاقائی تجارت کو فروغ حاصل ہو گا جس کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہو گا۔ وزیراعلیٰ جام کمال خان نے سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون اور سیکورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بلوچستان میں بڑھتی دلچسپی اس بات کی دلیل ہے کہ مستقبل میں بلوچستان خطے میں نہایت اہم حیثیت اختیار کر جائے گا جس کا ادراک سرمایہ کاروں کو ہو چکا ہے یہی وجہ ہے کہ بہت سے دوست ممالک کے سرمایہ کاروں نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی ظاہر کی ہے جس سے بلوچستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔
تازہ ترین