پاکستان کے قومی چیمپیئن اور ساؤتھ ایشین گیمز کے گولڈ میڈلسٹ شوٹر جی ایم بشیر نے ٹوکیو اولمپکس میں 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل کوالیفائرز کے پہلے روز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور چھٹی پوزیشن پر جگہ بنائی۔
ٹوکیو اولمپکس میں اتوار کو 25 میٹر ریپیڈ فائر پسٹل کے کوالیفائرز کا پہلا مرحلہ ہوا جس میں شوٹرز نے 30 شاٹس کھیلے۔
پاکستان کے ٹاپ شوٹر جی ایم بشیر 293 پوائنٹس کے ساتھ مجموعی طور پر چھٹی پوزیشن پر ہیں جبکہ خلیل اختر 286 پوائنٹس کے ساتھ 16 ویں پوزیشن پر ہیں۔
پیر کو تمام 27 شوٹرز دوسرے اسٹیج میں مزید 30 شاٹس کا مقابلہ کریں گے جس کے بعد ٹاپ 6 شوٹرز میڈل اسٹیج کیلئے کوالیفائی کریں گے۔
پہلے روز کے مقابلوں میں شوٹرز نے 5، 5 شاٹس کی 6 سیریز، مختلف ٹائم پریکٹس میں کھیلیں، ہر ٹائم بریکیٹ میں 2 سیریز کھیلی گئیں۔
جی ایم بشیر نے پہلے 8 سیکنڈز کی سیریز میں 99، پھر 6 سیکنڈز کی سیریز میں 98 اور پھر 4 سیکنڈز کی سیریز میں 96 پوائنٹس حاصل کیئے۔
خلیل اختر نے پہلی سیریز میں 98، دوسری میں 96 اور تیسری میں 92 پوائنٹس حاصل کیئے۔
پہلے اسٹیج کے اختتام پر 2018ء کے عالمی چیمپیئن فرانس کے کلیمنٹ بیساگوائے پہلی پوزیشن پر ہیں۔