کراچی (اسٹاف رپورٹر) ویٹ لفٹر طلحہ طالب کی طرح پاکستانی شوٹر جی ایم بشیر نے بھی اولمپکس میں متاثر کن کارکردگی دکھائی لیکن پاکستان اب بھی پہلے تمغے سے محروم ہے۔ قومی چیمپئن اور ساؤتھ ایشین گیمز کے گولڈ میڈلسٹ شوٹر جی ایم بشیر نے 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل کوالیفائرز کے پہلے دن چھٹی پوزیشن پر جگہ بنائی۔ اتوار کو 25میٹر ریپیڈ فائر پسٹل کے کوالیفائرز کا پہلا مرحلہ ہوا جس میں شوٹرز نے 30 شاٹس کھیلے۔ شوٹرز نے 5، 5 شاٹس کی 6 سیریز، مختلف ٹائم پریکٹس میں کھیلیں، ہر ٹائم بریکیٹ میں 2 سیریز کھیلی گئیں۔ جی ایم بشیر نے پہلے 8 سیکنڈز کی سیریز میں 99، پھر 6 سیکنڈز کی سیریز میں 98 اور پھر 4 سیکنڈز کی سیریز میں 96 پوائنٹس حاصل کیئے۔ خلیل اختر نے پہلی سیریز میں 98، دوسری میں 96 اور تیسری میں 92 پوائنٹس حاصل کیے۔ جی ایم بشیر 293 پوائنٹس کے ساتھ مجموعی طور پر چھٹی جبکہ خلیل اختر 286 پوائنٹس کے ساتھ 16 ویں پوزیشن پر ہیں۔ پیر کو تمام 27 شوٹرز دوسرے اسٹیج میں مزید 30 شاٹس کا مقابلہ کریں گے جس کے بعد ٹاپ 6 شوٹرز میڈل اسٹیج کیلئے کوالیفائی کریں گے۔