• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر احمد حسن رانجھا، لاہور

مَیں ڈرائنگ رُوم میں کافی دیر سے علی عدنان کا انتظار کر رہا تھا۔بوسیدہ فرنیچر کی بُو نتھنوں میں گُھس رہی تھی۔ ڈرائنگ رُوم کے پردے بھی بہت پرانے تھے اور ایک قدیم گھڑیال دیوار پہ سجا تھا۔ مَیں کچھ دیر تک گھڑیال کے پنڈولم کو ٹکٹکی باندھے دیکھتا رہا۔اس کمرے کی ہر ایک چیز سے قدامت ٹپکتی تھی۔وہاںبیٹھ کریوں محسوس ہوتا تھا، جیسے ٹائم مشین پہ ماضی کا سفر کرتے ہوئے آج سے ستّر سال پیچھے چلا گیا ہوں۔ اچانک دروازہ کُھلا اور ایک عُمر رسیدہ خاتون اندر آئیں،جن کے ہاتھوں پہ کپکپی طاری تھی ۔ انہوں نے ٹرے تھام رکھی تھی۔ نہ جانے کیوں ان کی آنکھوں سے شناسائی جھلک رہی تھی، جب کہ میرے لیے وہ چہرہ بالکل اجنبی تھا۔

’’تم ظہیر ہو ناں؟‘‘ خاتون نے ٹرے میز پہ رکھتے ہوئے پوچھا۔ مَیں ’’نہیں ‘‘کہنے کے لیے ہونٹوں کو جنبش دینے ہی لگا تھا کہ علی عدنان دروازے سے اندر آیا اور اس نے ہونٹوں پہ انگلی رکھ کے مجھے خاموش رہنے کو کہا اورمیرے لبوں کی جنبش جہاں تھی، وہیں رُک گئی۔’’بولتے کیوں نہیں ؟چُپ کیوں ہو؟تم ظہیرالدّین ہو، مجھے یقین ہے، تم وہی ہو۔چلو آؤ ، آگے آو ٔاوراپنی کرسی میز کے قریب کر لو۔‘‘مَیں نے کرسی گھسیٹ کر میز کے قریب کر لی، مگر بدستور خاموش رہا۔ نورانی چہرے والی بڑی بی کی عجیب و غریب حرکتیں دیکھ کر مجھے بہت افسوس ہو رہا تھا۔مَیں اس شش وپنج میں تھا کہ کھانے کی طرف ہاتھ بڑھاؤں یا نہیں۔

سوچ رہاتھا کہ آخر ظہیرالدّین ہے کون؟ بڑی بی نے آخر مجھے ہی ، ظہیرکیوں سمجھا کہ اچانک وہ پھر بولیں۔’’تم کھانا کیوں نہیں کھارہے؟ بولتے کیوں نہیں ہو؟ کیا تمہارے منہ میں زبان نہیں؟‘‘مَیں نے ڈرتے ہوئے دھیرے دھیرے ہاتھ کھانے کی ٹرے کی طرف بڑھایا۔ابھی روٹی کو ہاتھ ہی لگایا تھا کہ امّاں جی نے غصّے میں میرا ہاتھ پکڑ کے جھٹک دیا۔’’جب تک تم بتاؤ گے نہیں کہ تم ظہیر الدّین ہو، مَیں تمہیں کھانے کو ہاتھ بھی نہیں لگانے دوں گی۔‘‘ ’’مم…مم…مَیں ظ… ظہیر الدّین نہ…نہیں ہوں۔‘‘ مارے گھبراہٹ کے مَیں ہکلانے لگا۔’’کیا کہا، تم ظہیر نہیں ہو،تم جھوٹ بول رہے ہو،تم نے وعدہ کیا تھاکہ دوپہر کے کھانے تک آ جاؤ گے۔ دیکھو، مَیں نے تمہارے لیے تمہارا مَن پسندکھانا پکایا ہے۔تم، ظہیرنہیں ہو تو اور کون ہو؟‘‘ یہ کہتے ہوئے ان پہ جیسےہذیان سا طاری ہو گیا۔انہوں نے ٹرے اُٹھاکے فرش پہ پھینک دی اورزور زور سےرونا شروع کر دیا۔

علی عدنان نے میرا بازو پکڑا اور مجھے قریباً گھسیٹتے ہوئےگھر سے باہر لےآیا۔ٹوٹتے برتنوں کا شور اور امّاں جی کی چیخیں بدستور میرا تعاقب کر رہی تھیں۔اُن کے پر اسرار رویّے نے مجھے تجسّس میں مبتلا کردیا تھا۔مَیں مُڑ مُڑ کر گلی میں دُور ہوتے اُس گھر کی طرف دیکھتا رہا۔ کبھی مجھ پہ دُکھ کی کیفیت طاری ہو جاتی ، تو کبھی تحیّر کی۔ علی عدنان نے میرے چہرے پہ بکھرے سوال پڑھ لیے تھے، مگر خاموش تھا۔ گلی سے باہر نکلے تو سڑکیں جھنڈوں، جھنڈیوں سے سجی تھیں۔ سبز ہلالی رنگ ہر سُو سڑکوں،بازاروں پہ سایا کیے ہوئے تھا۔ہر طرف ملّی نغموں کی گونج تھی۔ لوگ سبز رنگ کے لباس پہنے جوش و خروش سے سڑکوں پہ جشن مناتے پھر رہے تھے۔مَیں علی عدنان کے ساتھ خاموشی سےچلتا رہا۔

علی عدنان سے میری ملاقات گورنمنٹ کالج، لاہور میں ہوئی تھی۔ جہاں ہم ایک ہی کلاس میں پڑھتے تھے۔ وہ پہلے ہی دن میرا دوست بن گیا تھا۔کالج کے دن، لڑکپن اور نادانی کے تھے۔کلاسز شروع ہوئے کچھ ہی روز ہوئے تھے تو پڑھائی بھی کچھ خاص شروع نہیں ہوئی تھی۔اِدھر اُدھر کی فضول باتوں پہ طویل، بے معنی مباحثے ہوتے۔چوں کہ اگست کا مہینہ تھا اور یومِ آزادی قریب آ رہا تھا،تو ہم اکثر ’’قیامِ پاکستان‘‘ کےحوالے سے بحث کرتے ۔ جب میٹرک کے بعد کچھ ماہ فارغ تھا، تو اُن دِنوں مَیں نے مولانا ابوالکلام آزاد کی کئی ایک کتابیں پڑھ ڈالیں اور ان کے نظریے سے بہت متاثر ہوا۔ نتیجتاً، پاکستان کا قیام مجھے ایک سازش لگنے لگا تھا۔ 

مجھے محسوس ہو تا کہ مسلم لیگ ایک پلانٹڈ پارٹی تھی۔یہی وجہ تھی کہ جب کالج میں ہم جماعت لڑکوں سے مباحثے ہوتے تو مَیں قیامِ پاکستان کے خلاف دلائل دیتا۔البتہ،علی عدنان بڑے جوش و خروش سے پاکستان کے قیام کے حق میں بات کرتا،اس کی یہ بات مجھے اکثر لاجواب کر دیتی کہ قائدِ اعظم کے 14 نکات کانگریس نے کیوں تسلیم نہیں کیے ؟ اور برّ ِصغیر کو یک جا رکھنے کی ایک آخری کوشش کے طور پر جو انگریز نے کیبنٹ مِشن پلان پیش کیا تھا، اسے قائدِ اعظم نے تو مان لیا تھا،کانگریس نے یک سر مسترد کرکے متّحدہ ہندوستان کے تابوت میں آخری کیل کیوں ٹھونکی۔ مگر مَیں اس کے سامنے یہ بات کبھی تسلیم نہ کرتا،بلکہ دلیل کے ہاتھوں ہار کر ہٹ دھرمی پہ اتر آتا اور بے معنی باتوں سے بحث کو الجھا دیتا۔ 

میرا مسئلہ یہ تھا کہ میرے نزدیک کوّا سفید تھا اورمَیں چاہتا تھا سب یہی مانیں۔ پھر مَیں آخری ہتھیار کے طور پر پاکستان کے موجودہ حالات سامنے رکھ دیتا کہ’’ اگر اسی طرح کا پاکستان بنانا تھا، جہاںصرف قومیتوں کے جھگڑے،فرقہ واریت، لاقانونیت، بے روزگاری ، منہگائی،اقربا پروری اوررشوت خوری ہے۔نوٹوں پہ لکھا ہے’’ حصولِ رزقِ حلال عین عبادت ہے‘‘ اوراکثریت حرام کمانے میں لگی ہے ، تو کیا فائدہ ایسے مُلک کا۔‘‘میرے یہ دلائل اکثر علی کو خاموش ہونے پر مجبور کردیتے۔ وقت گزرتا گیا اور ہم کالج سےپاس آؤٹ کر گئے، مگر علی نے پاکستان سے متعلق میرے نظریات بہت حد تک بدل دئیے تھےاور ہماری دوستی آج کئی سال بعد بھی اتنی ہی پکّی تھی، جتنی کالج کے پہلے سال تھی۔

علی عدنان کا گھر بھاٹی گیٹ کے اندر تھا،ہم دونوں پیدل چلتے اقبال پارک کے سبزہ زار میں پہنچ گئے۔یہاں بھی ایک جشن کا سماں تھا۔لوگوں کے چہرے خوشی سے نہال تھے۔سامنے مینارِ پاکستان آسمان کی وسعتوں سے ہم کلام تھا۔ہم ایک نسبتاً پُر سکون گوشے میں ایک بینچ پر بیٹھ گئے۔بادشاہی مسجد کے پُرشکوہ مینار ہماری پشت پہ تھے۔ مغلیہ سلطنت کے عروج کا نشان شاہی قلعہ بھی اپنی پوری شان و شوکت کے ساتھ ہمارے عقب میں مسلمانوں کے عروج کی داستان سُنا رہا تھا۔علی عدنان کچھ دیر تک مینارِ پاکستان کو گھورتا رہا، پھر اس نے باغ میں رواں دواں ہجوم پہ اُچٹتی نظر ڈالی اور کہا’’آج مَیں تمہیں ایک کہانی سُناتاہوں،ذکیہ خاتون کی کہانی۔ذکیہ ایک بہت ہی خُوب صورت لڑکی تھی۔ 

شوخ وچنچل، زندگی کی حرکت اور حرارت سے بھرپور،ماں باپ کی لاڈلی اور بہن بھائیوں کی دُلاری۔رشتے داروں اور قریبی جاننے والوں میں اُس کے حُسن و جمال کی باتیں ہوتیں۔جو اس کی ایک جھلک دیکھ لیتا،دیکھتا ہی رہ جاتا۔جیسے ہی اس نے جوانی کی دہلیز پر قدم رکھا،ہر طرف سے رشتے آنا شروع ہو گئے۔امیرسےامیر ، اونچے اونچے خاندانوں کے رشتے۔ مگر جو بھی رشتہ آتا ذکیہ انکار دیتی۔ وہ والدین کی بے حد لاڈلی تھی، تووہ بھی زبردستی نہیں کرتے۔ جانے کیوں، ذکیہ کی آنکھوں میں کوئی جچتا ہی نہیں تھا۔پھر ایک دن ذکیہ کے گھر ظہیر الدّین،اپنے ماں باپ کے ساتھ آیا۔وہ لوگ، ان کےدُور پَرےکے رشتے دار تھے۔جانے ظہیر میں ایسا کیا تھا کہ وہ پہلی ہی نظر میں ذکیہ کو بھاگیا۔ اور چند ہی دنوں میں دونوں کی خوب دھوم دھام سے شادی ہوگئی۔

وہ ایک مثالی جوڑی تھی۔بیگم چاند سورج کی جوڑی۔ دونوں ایک دوسرے پہ جان دیتے تھے۔ظہیر الدّین امرتسر کا رہائشی تھا، جہاں وہ ایک ا سکول میں استاد تھا۔وہ دونوں ایک ساتھ بہت خُوب صُورت زندگی گزار رہے تھے۔ اُن دِنوں تحریکِ پاکستان زوروں پر تھی۔ حالات میں تلاطم برپا ہو چکا تھا، ہندوستان کی تقسیم کا وقت قریب تھا۔قیامِ پاکستان کا ا علان ہوا، تو فسادات پھوٹ پڑے۔ ظہیر اورذکیہ پاکستان جا بسنا چاہتے تھے، لیکن ظہیر کے والدین امرتسر چھوڑنے پر آمادہ نہیں تھے۔ 

مگر بچّوں کی خوشی کے لیے انہوں نے دونوں کو پاکستان بھیج دیا۔ذکیہ کا میکہ لاہور میں تھا، سو وہ دونوں ہجرت کرکے یہاںآگئے۔ذکیہ اور ظہیر کسی طرح صحیح سلامت پاکستان تو پہنچ گئے تھے، لیکن بیٹے کا دل اپنے ماں باپ کے لیے بے چین تھا۔ وہ رات رات بھر بے سُکون رہتا۔ سو، ایک دن اس نےصبح سویرے نہا دھو کر ، ذکیہ سے کہا کہ ’’مَیں امّی ابّا کو امرتسر لینے جا رہا ہوں ۔دوپہر کا کھانا تیار رکھنا اِن شاء اللہ ہم سب کھانا ساتھ کھائیں گے۔‘‘ذکیہ نے اپنے ہاتھوں سے ظہیر کے لیے دوپہر کا کھانا تیار کیا اور اس کے انتظار میں بیٹھ گئی۔

دوپہر، سہہ پہر اور سہہ پہر شام میں ڈھل گئی ، لیکن ظہیر الدّین نہیں لَوٹا۔وہ دن ہے اور آج کا دن، ذکیہ خاتون نے اس کمرے کی ایک چیز بھی بدلنے نہیں دی ۔ صوفے بھی وہی ہیں،پردےاورفر نیچر بھی وہی۔ وہ روز صبح اُٹھتی ہیں اور ظہیر کے لیے بڑے اہتمام سے کھانا پکاتی ہیں اور پھر رات گئے تک اس کا انتظار کرتی رہتی ہیں۔ اُن کا دماغ یہ قبول کرنے کو تیار ہی نہیں کہ ان کا ظہیر اب کبھی نہیں لَوٹے گا۔وہ تو امرتسر میں اپنے ماں باپ کے ساتھ تہہ تیغ کر دیا گیا، سکھوں نے اس کے ماں باپ کے سامنے اس کا سر تن سے جُدا کردیا تھا۔اب ذکیہ کو کون بتائے کہ اس کے ظہیر کا خون اس پیارے وطن کی بنیادوں میں شامل ہو چُکا ہے۔

میرے دوست! یہ وطن کسی نے ہمیں تھالی میں سجا کر نہیں دیا۔ذکیہ خاتون جیسی کتنی ہی شہزادیوں، ماں باپ کی لاڈلیوں نے اپنے سہاگ، عزّتیںقربان کی ہیں۔وہی ہندو، سکھ جو مسلمانوں سےدوستیوں کا دَم بھرتے تھے، انہوں نے ہجرت کے وقت اپنے بھائیوں جیسے دوستوں کا سر قلم کرنے، ان کی ماؤں، بہنوں کو بیوہ کرنے میں ایک لمحہ نہیں لگایا۔جن مسلمان لڑکیوں سے راکھی بندھواتے تھے، خود انہی کی عزّتیں لُوٹیں۔ اور پھر بھی تاریخ سے نابلد لوگ قیامِ پاکستان پر سوال اُٹھاتے ہیں، اگر آج ہم اس آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، عبادت گاہوں میں جاتے ہیں، عیدین منا پاتے ہیں تو وہ صرف اس لیے کہ ہمارے پاس اپنا مُلک ہے۔ 

ورنہ، آزادی کی قیمت جاننی ہے تو فلسطینیوں، کشمیریوں سے پوچھو۔ آج تم جس خاتون سے مل کر آ رہے ہو، وہ ذکیہ خاتون ہی ہیں۔ میرے دادا کی چھوٹی بہن،جب ظہیر الدّین امرتسر گئے اور پھر کبھی لوٹ کر نہیں آئے تو اُن کا ذہنی توازن بگڑ گیا۔ کئی سال سے وہ ایک زندہ لاش بنی ہوئی ہیں۔وہ آج بھی ظہیرالدّین کا انتظار کر تی، ان کے لیے کھانا بناتی ہیں، گھر میں جو بھی مہمان آئے ،وہ اسے ظہیر سمجھتی ہیں اور جب انہیں یہ پتا چلتا ہے کہ یہ ظہیرنہیں ہے ،تو پھر وہ رونے لگتی ہیں، توڑ پھوڑ شروع کر دیتی ہیں۔اظہر! سوچو کہ جب جب تم پاکستان کے قیام پر سوال اُٹھاتے ہو ،تودَر حقیقت ان لاکھوں لوگوں کی قربانیوں کو کٹہرے میں لا کھڑا کرتے ہو، جن کا لہو اس وطن کی بنیادوں میں شامل ہے۔اگر پاکستان آج ویسا نہیں ،جیسا اسے ہونا چاہیے تھا ،تو اس میں قصوروار ہم ہیں۔یاد رکھو!ہم جب پاکستان کے قیام کا مذاق اڑاتے ہیں تو در اصل ان بزرگ خاتون اور ان جیسی کئی خواتین کے اُجڑے ہوئے سہاگوں کا مذاق اڑاتے ہیں۔ ہم اس انتظار کا مذاق اڑاتے ہیں ، جو پون صدی پہ محیط ہے۔‘‘

علی عدنان کی باتیں سُن کر میری آنکھوں کے سامنے ذکیہ خاتون کا چہرہ آگیا۔عرقِ ندامت سے آنکھیں تر ہو گئیں۔ مجھے اپنی گزشتہ سوچ پہ پشیمانی ہو رہی تھی ، پھر اچانک پتا نہیں کیا ہوا کہ مَیں خود بخود اُٹھا اور مینارِ پاکستان کی طرف چل دیا اوراس کے قریب لہراتے سبز ہلالی پرچم کو سلیوٹ کرتے ہوئے خود سے، اس وطن سے عہد کیا کہ اب اس وطن کی تعمیر و ترقّی میں اپنی تمام تر صلاحیتیں لگا دوں گا۔

تازہ ترین