• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کیسز: اسد عمر کا نئی پابندیوں کا اعلان، 2 دن کاروبار بند رہے گا


وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نےکورونا وائرس کے حوالے سے نئی پابندیوں کا اعلان کردیا ہے۔

کورونا وائرس کی صورتحال پر میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے کہا کہ ہمیں لوگوں کی صحت اور روزگار کی حفاظت کرنی ہے، وزیراعظم عمران خان سے منظوری لے کر کچھ فیصلے کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ جلد از جلد ویکسین لگوائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر نئی پابندیاں لگائی ہیں، جن کا اطلاق 3 اگست سے 31 اگست تک ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس دوران ہفتے میں 2 دن کاروبار بند رہے گا، چھٹی کس دن رکھنی ہے یہ فیصلہ صوبے کریں گے۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ دفاتر میں حاضری 50 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں سواریوں کی گنجائش 50 فیصد ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ کاروبار کے لیے اوقات رات 8 بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد مارکیٹیں 8 بجے تک کھلیں گی۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہاکہ انڈور ڈائننگ بند اور آؤٹ ڈور ڈائننگ کھلی رہیں گی، جو رات 10 بجے تک کھلی رہے گی جبکہ ٹیک اوے 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔

تازہ ترین