• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کا تقرر، شہباز شریف کا اسپیکر اسمبلی کو خط

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خط لکھ کر نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن کی تقرری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس پر تشویش کا اظہار کیا۔ 

شہباز شریف نے اپنے خط میں تحریر کیا کہ چیئرپرسن کی تقرری پارلیمانی ضابطوں، قانون اور جمہوری اقدار کی خلاف ورزی ہے۔

انھوں نے لکھا کہ چیئرپرسن کے انتخاب میں اپوزیشن امیدوار فوزیہ وقار نے 6 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جنہیں نفیسہ شاہ، عائشہ غوث پاشا، طاہرہ اورنگزیب، شاہدہ اختر علی، نزہت صادق اور عابدہ محمد عظیم نے ووٹ دیے۔

اپوزیشن لیڈر نے باور کروایا کہ حکومتی امیدوار کو 5 ووٹ ملے تھے، اس میں کمیٹی کی سربراہ فلک ناز نے خلاف قانون و ضابطہ اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

خط کے متن میں لکھا گیا کہ چیئرپرسن اس وقت ووٹ ڈالنے کی مجاز ہیں جب دونوں امیدواروں کو یکساں ووٹ ملتے ہیں، تاہم حکومتی امیدوار کے تقرر کے لیے چیئرپرسن نے انتخابی عمل کی خلاف ورزی کی۔

خط میں لکھا گیا کہ چیئرپرسن نے خلاف قانون اجلاس کی کارروائی مرتب کر کے حکومتی امیدوار کو کامیاب قرار دیا۔

اسپیکر کو لکھے گئے خط میں شہباز شریف نے تحریر کیا کہ خلاف قاعدہ و قانون چیئرپرسن کی تقرری انتہائی تشویش کا باعث ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام میں اکثریت کی بنیاد پر فیصلے ہوتے ہیں، اقلیت کو مسلط نہیں کیا جاتا۔

تازہ ترین