کراچی ( ٹی وی رپورٹ) سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی اعتزاز احسن نے کہااس میں کوئی شک نہیں ہے کہ مریم نواز کی جارحانہ سیاست شہباز شریف کی مفاہمانہ سیاست پر اس وقت بھاری پڑی ہے، شہباز کے مقابلے میں مریم نواز زیادہ کراوڈ پلر ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ شہباز شریف کہتے ہیں چوری کرلی ہے پاؤں پڑ جاؤ معافی لے لو مگر مریم نواز کہتی ہیں کہ ایسا نہیں ہے بلکہ گالم گلوچ کرکے غرا کر دیکھیں گے تو دنیا ڈر کے پیچھے ہوجائے گی سارے شوق مجھے نون لیگ کی وجہ سے آئے ہیں ۔ ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی اعتزاز احسن نے کہا ہے مسلم لیگ نواز کو جب ججز کی جانب سے دیکھا جاتا ہے تو یہ کوئی چھپی بات نہیں ہے کہ انہوں نے چھ ججز کو سینٹ میں منتخب کیا اور ایک کو صدر بھی بنادیا جبکہ ایک اور سابق چیف جسٹس کو بھی صدر بنانے کی خواہش تھی مگر وہ الیکشن ہار گئے ۔ ایک جج کو تو انہوں نے گورنر بھی بنایا جبکہ ایک جج کو پی سی بی کا چیئرمین بھی بنادیا ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججز کو اس طرح کی مراعات دینا غلط تھا تو ججز کی جانب سے بھی غلط تھا کہ انہوں نے ان کو قبول کیا ۔