• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگست کو ماہ آزادی کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے، ایم کیو ایم پاکستان

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان بلوچستان کے صدر ملک عمران کاکڑ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بلوچستان کے زیراہتمام جشن آزادی کے سلسلے میں 22 اگست کو کوئٹہ میں ریلی نکالی اور 12 ستمبر2021ء کو کوئٹہ کے ہاکی گراونڈ میں آزادی ورکرز کنونشن منعقد کیا جائے گا ۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر عالم زیب ، کفایت شاہ سومرو ، حنیف خان ، داود سلیمان خیل بھی موجود تھے ۔ ملک عمران کاکڑ نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے اس سال اگست کو ماہ آزادی کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں بلوچستان میں مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال محرم الحرام کا مبارک مہینہ اگست میں ہونے کی وجہ سے ہم نے کوئٹہ میں 14 اگست کی آزادی ریلی 22 اگست کو شام چار بجے عسکری پارک سے کوئٹہ پریس کلب تک نکالنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز رابطہ کمیٹی کے ارکان وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق ، رکن رابطہ کمیٹی ارشاد ظفیر بھائی ، عارف شاہ اور دیگر نے کوئٹہ میں ہونے والے جلسے کے حوالے سے بلوچستان کا دورہ کیا اور مختلف قبائلی و سیاسی شخصیات اور تاجر برادری سے ملاقاتیں کی اورانہیں ایم کیو ایم کے زیراہتمام ہونے والے جلسے میں شرکت کی دعوت دی ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم بلوچستان نے 6 اگست کو کوئٹہ میں ماہ آزادی ورکرز کنونشن کیلئے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی تھی جس پر ڈپٹی کمشنرنے ہمیں بذریعہ لیٹر کورونا وائرس کے پیش نظر جلسہ نہ کرنے کا کہا جس کی وجہ سے 6 اگست کا جلسہ ملتوی کردیا گیا ہے اب یہ جلسہ 12 ستمبر اتوار کو دو بجے ہاکی گراونڈ میں ہوگا ۔
تازہ ترین