• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس: پاکستان میں مزید 67، سندھ میں 36 اموات


سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، کورونا مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 7 فی صد سے زائد ہو گئی، جبکہ گزشتہ روز کورونا سے سندھ میں سب سے زیادہ 36 اموات ہوئیں۔

پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 31 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں ایک بار پھر کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 582 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 67 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 1 ہزار 355 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 19 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 23 ہزار 529 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 43 ہزار 277 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 75 ہزار 373 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 398 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 9 لاکھ 44 ہزار 375 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 49 ہزار 798 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 61 لاکھ 58 ہزار 330 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 لاکھ 34 ہزار 608 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 3 کروڑ 5 لاکھ 90 ہزار 183 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 3 لاکھ 87 ہزار 261 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 6 ہزار 57 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 58 ہزار 387 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 11 ہزار 83 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 45 ہزار 306 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 4 ہزار 477 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 88 ہزار 344 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 804 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 30 ہزار 627 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 328 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 25 ہزار 34 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 633 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 8 ہزار 318 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 147 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تازہ ترین