• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں کورونا ویکسینیشن 3 کروڑ سے زیادہ ہو گئیں: اسد عمر


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ، وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت 200 ارب روپے کورونا وائرس کی ویکسین کی خریداری پر خرچ کر رہی ہے، اب تک کورونا ویکسین کی 3 کروڑ سے زیادہ خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایسی صورتِ حال نہیں جو خطے کے دیگر ممالک میں ہے، کورونا وائرس کے باعث بھارت میں لوگ خوفزہ ہو گئے، اسپتالوں میں بیڈز کی کمی ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش، انڈونیشیا، افغانستان میں وباء کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ ڈیلٹا ویرینٹ ہے، ڈیلٹا ویرینٹ برطانوی ویرینٹ سے بھی زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔

اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو کل کورونا وائرس کی موجودہ صورتِ حال سے متعلق سفارشات پیش کریں گے، ٹارگٹڈ طریقے سے بندشیں عائد کرتے ہیں تاکہ لوگوں کو پریشانی نہ ہو، مشترکہ حکمتِ عملی سے بندشیں لگاتے ہیں تاکہ روزگار متاثر نہ ہو، 3 ہزار موبائل یونٹس گھر گھر جا کر ویکسین لگا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 16 دنوں میں 1 کروڑ سے زائد کورونا وائرس کی ویکسین کی خوراکیں لگائی گئیں، 6 روز میں 50 لاکھ ویکسینیں لگائی گئیں، پچھلے 6 دنوں میں روزانہ کی بنیاد پر ریکارڈ ویکسی نیشن ہوئی، ہدف سے متعلق جو کامیابی پاکستان نے حاصل کی، بڑے بڑے ممالک نہیں کر سکے، اس میں وفاق اور صوبے شراکت دار ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام چیزیں ایک مرکز پر آ کر وہاں سے فیصلے ہوں یہ ضروری ہے، دنیا کے مقابلے میں پاکستان نے انسدادِ کورونا کے بہترین اقدامات اٹھائے۔

اسد عمر کا یہ بھی کہنا ہے کہ شپمنٹس میں تاخیر کے باعث ویکسین کی کمی کا سامنا کرنا پڑا، کورونا وائرس کی وباء سرحدیں نہیں دیکھتی، این سی او سی کی کوئی سیاسی وابستگی نہیں۔

تازہ ترین