لاہور کے علاقے ہنجروال سے پرسرار طور پر لاپتہ ہونے والی4 بچیوں کے واقعے پر ایس پی کرائم ریکارڈ آفس محمد عمران کا کہنا ہے کہ بچیوں کی تلاش کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
انہوں نے 4 لاپتہ بچیوں سے متعلق جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ملزمان سی سی ٹی وی کیمروں اور ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس ہو جائیں گے، ہماری ٹیمیں علاقے میں شواہد اکھٹے کر رہی ہیں۔
محمد عمران کے مطابق لاہور شہر میں 3 لاکھ کریمینلز کا ریکارڑ کمپیوٹرائزاڈ کر لیا ہے ، دنیا بھر میں ٹیکنالوجی نے ترقی کر لی ، ہمارے پاس آج بھی 2G ٹیکنالوجی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیاری ٹیکنالوجی نہ ہونے کے باعث مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے ہنجروال سے پرسرار طور پر لاپتہ ہونے والی4 بچیوں کا تاحال سراغ نہ مل سکا۔
پولیس کے مطابق رکشہ ڈرائیور نے30 جولائی رات 12 بجےچاروں بچیوں کو موہلنوال روڈ پر اتارا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچیوں کے اغواکا مقدمہ عرفان نامی شخص کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق عرفان کی 2 بیٹیاں 10 سالہ انعم اور 11 سالہ کنیزہ ہمسائے اکرم کی 2 بیٹیوں 14 سالہ عائشہ اور 8 سالہ ثمرین کے ہمراہ 30 جولائی کی رات میٹروٹرین پر سفر کے لیےگھر سے نکلیں لیکن واپس نہ آئیں اس لیے بچیوں کو اغوا کیے جانے کا شبہ ہے۔