سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری سابق وزیر اطلاعات شبلی فراز کی طرح فلسفہ جھاڑنا بند کردیں، جبکہ یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف ایم کیو ایم کے کندھے پر چڑھ کر سندھ فتح کرنا چاہتی ہے۔
صوبے میں کورونا کی صورتحال اور اس کے لیے حکومتی اقدامات سے متعلق اپنے بیان میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ملک کا سب سے بڑا ویکسی نیشن سینٹر قائم کیا، ایکسپو سینٹر سمیت 300 کے قریب ویکسی نیشن مراکز بشمول موبائل یونٹس کراچی میں کام کر رہے ہیں۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری پھر بھی کہہ رہے ہیں کہ ویکسی نیشن کو بہتر کریں، بے خبر وفاقی وزیر اطلاعات کو اس بات کی اطلاع ہی نہیں۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ یہ اعزاز بھی سندھ حکومت کو حاصل ہے کہ پورے ملک میں پہلا کورونا کا اسپتال کراچی میں قائم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کو مشورہ ہے کہ بات کرنے سے پہلے اسد عمر سے معلومات لے لیا کریں، فواد چوہدری اور ان کی پی ٹی آئی حکومت پہلے گورننس کے پلے اسکول سے نکلیں پھر دیگر صوبوں کو سکھائیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فواد چوہدری نے سندھ حکومت کی گورننس پر تنقید نہیں کی بلکہ پنجاب حکومت کو اشارتاً نشانا بنایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے معاشی، انتظامی اور اخلاقی طور پر پاکستان کو نقصان پہچایا ہے، اب پی ٹی آئی والے چلے ہیں ہم کو گورننس سکھانے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میں حیران ہوتا ہوں کہ جب فواد چوہدری پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہیں۔
انھوں نے سندھ میں پی ٹی آئی کی سرگرمیوں سے متعلق کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی ایک پیر اور ایم کیو ایم کے کندھے پر چڑھ کر سندھ کو فتح کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی چاہے کتنے ہی جلسے اور زبان درازی کرتی رہے سندھ پیپلز پارٹی کا قلعہ ہے اور رہے گا۔
سید ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے وفاق اور دیگر صوبوں میں کون سی عوام کی خدمت کی ہے جو اب سندھ میں آئیں گے؟ فواد چوہدری خود کو سیاسی فلسفی سمجھنے سے بہتر ہے کہ حقیقت پسند بن جائیں۔
انھوں نے کہا کہ عام انتخابات میں جب پی ٹی آئی کا ملک سے سفایا ہوجا ئے گا تو فواد چوہدری ایک کھڑکی تو کھلی رکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری اگر آپ کو سندھ حکومت پر تنقید کرنے سے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ مل جاتی ہے تو ہم خوش ہوں گے۔