• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشنا شاہ اور فیصل قریشی ویکسین لگوانے کے باوجود کورونا میں مبتلا

کراچی (آئی این پی) معروف اداکارہ اشنا شاہ اور اداکار فیصل قریشی کووڈ کی دونوں خوراکیں لگوانے کے بعد بھی وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ اشنا نے انسٹاگرام پر پوسٹ کے ذریعے مداحوں اور دوستوں کو اطلاع دی اور بتایا کہ کچھ روز سے انہیں بخار تھا جسے وہ وائرل سمجھ رہی تھیں لیکن حالت خراب ہونے پر انہوں نے کووڈ کا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ویکسین کی دونوں لازمی خوراکیں لگوانے کے بعد بھی میرا کووڈ کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، میں مضبوط مدافعتی نظام کے ساتھ ایک صحت مند انسان ہوں لیکن پھر بھی اس وائرس نے مجھ پر حملہ کردیا جس کی علامات کافی ناخوش گوار ہیں۔ اشنا شاہ نے کہا کہ یہ سوچ کر کانپ جاتی ہوں کہ اگر مجھے ویکسین نہ دی جاتی تو میرا کیا حال ہوتا۔اداکارہ نے تمام صارفین کو ماسک پہننے، ویکسین لگوانے اور تمام احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وائرس مذاق نہیں ہے اور اس کی نئی قسم ڈیلٹا ویرینٹ کو بالکل ہلکا نہ لیں۔فیصل قریشی نے بھی انسٹا اسٹوری میں تمام صارفین کو ہدایت کی کہ اپنا خیال رکھیں کیونکہ کورونا کی نئی قسم (ڈیلٹا ویرینٹ) لوگوں کو متاثر کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ میں ویکسین لگوا چکا ہو اور کل اس وائرس میں مبتلا ہوا تھا جس کے بعد آئندہ کچھ روز کیلئے آئسولیشن میں ہوں، مجھ میں وائرس کی کوئی علامات تاحال موجود نہیں ہیں۔اس سے قبل بھی شوبز کے کئی اداکار کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا شکار ہوچکے ہیں جن میں عدنان صدیقی، سنبل اقبال اور سینئر اداکار مصطفی قریشی شامل ہیں۔

دل لگی سے مزید