اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر اور سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ ایک روز میں 10 لاکھ افراد کی کورونا وبا سے بچائو کی ویکسی نیشن کا ہدف عبور کر لیا ہے ۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز 10 لاکھ 72 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔ وفاقی اداروں کے تعاون سے ریکارڈ ویکسی نیشن ہو رہی ہے ، ویکسین لگوانے والوں کی کل تعداد 3 کروڑ 19 لاکھ 29 ہزار 581 ہوچکی ہے، اسلام آباد کی 50 فیصد آبادی کو ویکسین کی ایک خوراک لگائی جا چکی ہے، پشاور اور راولپنڈی کی 35 فیصد، فیصل آباد 28 ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ اور سرگودھا کی 27 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے جبکہ کراچی کی 26 اور حیدرآباد کی 25 فیصدآبادی کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے، وفاقی وزیر نے ایک بار پھر سے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کوروناایس اوپیز پر عمل کریں اور جلد از جلد ویکسی نیشن کروائیں۔