• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلوں کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ قوم ان کے لیے دعا کرے ، فائنل میں مایوس نہیں کروں گا اور میڈل حاصل کرکے پاکستان کا پرچم سربلند کروں گا۔

ارشد ندیم نے کوالیفائنگ مقابلے کے بعد کوچ کے ہمراہ اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میں فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوا ہوں، پاکستانی قوم کا بہت شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے لیے دعائیں کیں اور مجھے سپورٹ کیا ۔


انہوں نے کہا کہ میرے کوچ نے میرے لیے دن رات بہت محنت کی ہے، ہمیں یقین ہے کہ ہم فائنل میں بھی اچھی تھرو کریں گے۔

ارشد ندیم کے کوچ فیاض بخاری نے کہا کہ ارشد ندیم نے عمدہ تھرو کی ہے ۔ اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، سپورٹ کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں فائنل میں بھی اچھی تھرو کریں گے۔

ارشد ندیم کو ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر اکرم ساہی نے فون کیا ہے اور انہیں مبارکباد دی ہے، اکرم ساہی نے کہا کہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، امید ہے کہ وہ کارکردگی کو فائنل میں بھی برقرار رکھیں گے اور تاریخ رقم کریں گے، اکرم ساہی نے ارشد ندیم کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔

یاد رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے جیولن تھرو مقابلوں کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں  ارشد ندیم عمدہ پرفارم کرنے میں کامیاب ہو ئے اور فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، وہ فائنل میں 7 اگست کو ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

تازہ ترین