• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، کورونا مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 8 فی صد سے زائد ہو گئی۔

پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 31 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں ایک بار پھر کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 722 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 46 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 1 ہزار 454 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 8 اعشاریہ 22 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 23 ہزار 575 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 47 ہزار 999 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 78 ہزار 595 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 858 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 9 لاکھ 45 ہزار 829 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 57 ہزار 398 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 62 لاکھ 15 ہزار 728 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 لاکھ 72 ہزار 172 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 3 کروڑ 19 لاکھ 29 ہزار 581 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 3 لاکھ 89 ہزار 699 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 6 ہزار 69 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 59 ہزار 321 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 11 ہزار 104 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 45 ہزار 862 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 4 ہزار 487 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 88 ہزار 676 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 806 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 30 ہزار 749 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 328 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 25 ہزار 301 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 634 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 8 ہزار 391 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 147 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تازہ ترین