پاکستان فیشن انڈسٹری کی ٹاپ ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین بھی کورونا وبا کی لپیٹ میں آگئیں۔
کورونا میں مبتلا ہونے کی اطلاع اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے دی اور بتایا کہ وہ اسپٹنک فور ویکسین لگوا چکی ہیں اس کے باوجود کورونا وبا نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے حالیہ دنوں میں خود سے ملنے والے تمام لوگوں کو بھی اپنا ٹیسٹ کروانے کا کہا اور اپنی صحت کے حوالے سے بتایا کہ انہیں گزشتہ دو دنوں سے ہلکا بخار ہے، کورونا کی علامات شدید نہیں ہیں۔
ماڈل و اداکارہ نے مداحوں سے جلد صحتیابی کیلئے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔
واضح رہے کہ کورونا کی چوتھی لہر کے دوران حالیہ دنوں میں زرنش خان، عدنان صدیقی، فیصل قریشی و اُشنا شاہ بھی کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔