معروف اداکارہ اُشنا شاہ بھی کورونا کی چوتھی لہر کا شکار ہوگئیں، انہوں نے کہا کہ وہ ویکسین کی دونوں ڈوزز لگواچکی ہیں اور کورونا مثبت آنے پر ان کی جو حالت ہے اس نے یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ اگر ویکسین نہ لگی ہوتی تو کیا حالت ہوتی۔
اُشنا شاہ نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں اپنے کورونا میں مبتلا ہونے کے حوالے سے بتایا اور حالیہ دنوں میں انہوں نے جن لوگوں سے ملاقات کی انہیں بھی اپنا ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیا۔
اداکارہ نے لکھا کہ ’کورونا سے تحفظ فراہم کرنے والی ویکسین کی دونوں ڈوزز لگوائے جانے کے باوجود میں کورونا کا شکار ہوگئی ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ میں صحت کے حوالے سے کافی فکر مند رہتی ہوں اس لیے میری قوتِ مدافعت کافی مضبوط ہے۔
اُشنا شاہ نے اپنے چاہنے والوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا کی چوتھی لہر اور بالخصوص ڈیلٹا ویرئنٹ کو ہلکا نہ لیں کیونکہ یہ انتہائی خطرناک ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کے وار جاری ہیں اور گزشتہ ایک روز میں 67 افراد اس موذی مرض کے ہاتھوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔