اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی سی پیک امور خالد منصور نے ملاقات کی اور سی پیک کے دوسرے مرحلے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے سی پیک کی رفتار تیز کرنے کے عزز کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر نے خالد منصور کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ سی پیک انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور اسکے دوسرے مرحلے میں اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہئے۔ ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا ، وفاقی وزیر نے زراعت، ٹیکسٹائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں چینی اور پاکستانی اداروں کی شراکت دونوں ممالک کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی اس لیے ان شعبوں کے مواقع پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔