اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم کا کوئی وعدہ اور اعلان سامنے لانا مشکل ہے جس پر انہوں نے یوٹرن نہ لیا ہو۔ وہ کشمیریوں کے نام کے ہی سفیرہیں۔مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے کوئی پائیدار پالیسی نہیں، مودی کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے فاشسٹ اقدام کو دو سال گزر گئے، مگر اسلام آباد کے ایوانوں میں خاموشی چھائی ہے، معیشت، داخلہ و خارجہ محاذوں پر توجہ دینا ہو گی،کرپشن اور دھوکہ دہی سے الیکشن جیتنے والوں سے جان چھڑاناہوگی۔ قوم سنت حسینؓ کی پیروی کرتے ہوئے ظلم کے خلاف ڈٹ جائے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال، کشمیر، جنرل اور بلدیاتی الیکشن اور تنظیمی امور سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔