سکھر (بیورورپورٹ ) پاکستان پیپلزپارٹی کے اسیر مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے ایک بار پھر ملکی اداروں اور ایجنسیوں کو چیلنج کیا ہے کہ ان کیخلاف ایک ایکڑ زمین پر بھی قبضہ ثابت کرکے دکھائیں وہ خود کو مجرم مان لینگے، دو برسوں میں میرے خلاف ان کو کوئی ثبوت نہیں ملا ہے، جتنی کرپشن پی ٹی آئی میں ہے اتنی کسی اور جماعت میں نہیں ہوگی، پی ٹی آئی میں جن جن وزیروں کو کرپشن پر ہٹایا گیا تھا ان کو دوبارہ لگا دیا گیا ہے، حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید احمد شاہ نے ریٹائرڈ جنرل اسلم بیگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہ میں اسلم بیگ کی عزت کرتا ہوں اچھے آدمی ہیں اس سے پوچھو 1990 میں تم نے کیا کیا ملک میں اقتدار کیلئے کون مارشل لاء لگاتے رہے ہیں، پاکستان بنا ہی مارشل لائوں اور سازشوں کے گڑھ میں ہے، ہمارے لوگ کیوں خوشحال نہیں ہورہے ہیں ان کے لئے کوئی بولتا نہیں ہے غریب کیلئے لاٹھی برستی ہے امیر کے لئے پھول بچھائے جاتے ہیں وہی لاٹھیاں لگاتے ہیں۔