• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معید یوسف کا بائیڈن کے رابطہ نہ کرنے پر شکوہ نامناسب ہے، تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان سارہ الیاس کے پہلے سوال کیا مشیر برائے قومی سلامتی کو امریکا سے شکایت کرنی چاہئے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ معید یوسف کا رویہ کچھ باعث شرمندگی ہے ڈپلومیسی کے تقاضے کچھ اور ہوتے ہیں، ایک دوسرے سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ وزیراعظم عمرا ن خان کا ماضی میں ن لیگ اور پی پی میں شمولیت کی دعوت ملنے کا بیان درست مانتا ہوں۔حسن نثار نے کہا کہ پاکستان کے مشیر برائے قومی سلامتی کا امریکی صدر کے پاکستانی وزیراعظم سے رابطہ نہ کرنے کی شکایت کرنا نامناسب ہے، معید یوسف کی یہ حرکت بچگانہ ہے جس میں تضاد بھی ہے، ایک طرف معید یوسف شکایت کررہے ہیں دوسری طرف کہتے ہیں ہم امریکی صدر کی کال کا انتظار نہیں کررہے، ان کا رویہ کچھ باعث شرمندگی ہے ڈپلومیسی کے تقاضے کچھ اور ہوتے ہیں۔محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ پاکستانی و امریکی میڈیا نے امریکی صدرکے وزیراعظم پاکستان کو فون نہ کرنے کو بہت زیادہ ہائپ دیدی ہے، مشیر قومی سلامتی کی بات درست ہے کہ افغان معاملہ پر امریکی صدر نے وزیراعظم پاکستان سے رابطہ کیوں نہیں کیا ہے،امریکا جس طرح افغانستان سے انخلاء کررہا ہے اس پر تحفظات کا اظہار کرنا پاکستان کا حق ہے، معید یوسف نے بے شک امریکا میں تھنک ٹینک میں کام کیا ہے لیکن پاکستان سے وہ مکمل وفادار ہیں۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ معید یوسف کی امریکی صدر سے وزیراعظم عمران خان کو فون نہ کرنے کی شکایت بچگانہ اور تضاد ہے، مشیر قومی سلامتی کی اس بات سے ہمیں شرمندگی ہوئی ہے، جوبائیڈن کی وزیراعظم کو فون نہ کرنے کی کئی وجوہات سامنے آئی ہیں، امریکا پاکستان سے فوجی اڈہ مانگ رہا تھا اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کہہ رہا تھامگر پاکستان نہیں مانا، امریکا کو پاکستان کا چین اور روس کی طرف جھکاؤ پسند نہیں ہے، امریکا سمجھتا ہے پاکستان افغانستان میں اس کی مرضی کا ڈومور نہیں کررہا۔

تازہ ترین