• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا ، سٹی ٹریفک پولیس پشاور

پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام ٹریفک ہیڈ کوارٹرز میں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی سربراہی میں یوم شہدائے پولیس کے موقع پر ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی ہیڈ کوارٹرز فضل احمد جان ایس پی ٹریفک کینٹ امان ا للہ ایس پی ٹریفک سٹی طاہر وزیرڈی ایس پیز اور دیگر ٹریفک حکام بھی موجود تھے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور سلامی پیش کی اور پھولوں کا گلدستہ رکھا جبکہ شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ شہید ڈی ایس پی امان اللہ کی قبر پر بھی حاضری دی گئی اور سلامی پیش کی گئی۔ ٹریفک ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں پولیس شہداء کے لواحقین بھی موجود تھے اس دوران ٹریفک پولیس کی جانب سے پولیس شہداء پر بنائی جانیوالی ڈاکومینٹری بھی پروجیکٹر کے ذریعے چلائی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا ہے اور وطن عزیز میں قیام امن کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مملکت خداداد پاکستان میں قیام امن ان ہی پولیس کی قربانیوں کی بدولت ممکن ہوا ہے جس کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس شہداء کی قربانیوں کو ہم کسی صورت نہیں بھولیں گے جنہوں نے وطن عزیز اور ہمارے بہتر مستقبل کے لئے جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوم شہداء پولیس کے منانے کا مقصد انہیں خراج عقیدت پیش کرنا اور ان کو یاد کرنا ہے کیونکہ یہ ہماری فورس کا اہم حصہ رہے ہیں اور انہوں نے وطن عزیز کے دفاع کو مضبوط کرنے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قربانیاں دی ہیں شہدائے پولیس ہمارے اصل ہیروز ہیں انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں سب سے زیادہ ہیں جس کا ثبوت آئی جی رینک سے لے کر کانسٹبل تک پولیس افسران کی شہادت ہے جنہوں نے دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑی اور سب سے زیادہ شہادتیں پیش کیں۔
تازہ ترین