صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کشمیریوں کا جذبہ توڑنے میں ناکام ہوچکے، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی ہر ممکنہ معاونت جاری رکھیں گے۔
یوم استحصال پر پیغام میں عارف علوی نے کہا کہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔
ادھر وزیراعظم عمران خان نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی ہر ممکنہ معاونت جاری رکھیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کو جبری حراست اور انسانی حقوق کی دیگر بدترین پامالیوں کا سامنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ منشور اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھارت کا محاسبہ کریں۔