لدھیانہ ( جنگ نیوز )بھارتی ہاکی ٹیم کے کپتان سردار سنگھ پر لگائے گئے جنسی استحصال کا معاملہ اب طول پکڑتا جا رہا ہے۔ خود کو ان کی منگیتر کہنے والی برطانوی ہاکی کھلاڑی اشپال کور نے پیر کو چندی گڑھ میں پریس كانفرنس کے دوران سردار سنگھ کے خلاف کئی ثبوت پیش کردیے ۔سردار سنگھ کےخلاف لدھیانہ میں درج زیادتی کیس اب نیا رخ اختیار کرگیا ہے۔ اس موقع پر اشپال کور نے اپنی اور سردار سنگھ کی مذہبی تقریبات کے موقع پر لی گئی تصاویر بھی میڈیا کے سامنے پیش کیں جن میں دونوں کے اہل خانہ بھی نمایاں ہیں ۔ خیال رہے کہ سرداد سنگھ نے اشپال کور کو صرف بہترین دوست قرار دیا تھا لیکن ان تصاویر سے ثابت ہوتا ہے کہ بات صرف دوستی کی حد تک نہیں تھی ۔ بتایا جا رہا ہے کہ اور سردار کی پہلی ملاقات 2012میں لندن اولمپک کے دوران ہوئی تھی۔ جس کے بعد وہ ساتھ ساتھ دیکھے گئے اور اگست 2014 میں دونوں نے منگنی کر لی تھی۔ سردار سنگھ اس وقت اولمپکس کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ انہیں مقدمہ درج ہونے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔