وزیر اعلیٰ سندھ نے 6 پارٹی رہنماؤں کو اپنا معاون خصوصی مقرر کردیا، معاون خصوصی بننے والوں میں آصف خان، اقبال ساند، علی احمد جان اور سلمان مراد شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حیدرآباد سے صغیر قریشی اور سکھر سے ارسلان شیخ معاون خصوصی مقرر کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ معاون خصوصی بلدیاتی اداروں کی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔
واضح رہے کہ سندھ میں چار نئے وزراء نے حلف اٹھالیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی موجودگی میں چار نئے صوبائی وزراء سے حلف لیا۔
وزیراعلیٰ کے 3 نئے مشیران کی تقرری کا بھی اعلان کردیا گیا۔
گورنر ہاؤس کراچی میں چیف سیکریٹری ممتاز شاہ نے کارروائی کنڈکٹ کی جبکہ کارروائی کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔
چیف سیکریٹری نے وزیراعلیٰ سندھ کی سفارش پر نئے چار وزراء کی تقرری کا اعلان کیا۔
گورنر سندھ نے جن وزرا سے حلف لیا ان میں ساجد جوکھیو، گیان چند ایسرانی، ضیاء عباس اور جام خان شورو شامل ہیں۔
تقریب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے اراکین اسمبلی بھی شریک ہوئے۔
تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کے نئے تین مشیران کی تقرری کا بھی اعلان کیا گیا جو اسٹیچ پر موجود تھے۔ ان میں منظور وسان، فیاض بٹ اور رسول بخش چانڈیو شامل ہیں۔