اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیرِ اعظم عمران خان نے جمعہ کے روز پشاور میں مغلیہ دور کی نشانی علی مردان کی رہائشگاہ کا دورہ کیا۔تاریخی عمارت مغل بادشاہ شاہ جہاں کے دورِ حکومت کے مشہور سپہ سالار، انجینئر اور کشمیر، کابل، اور لاہور کے گورنر علی مردان خان نے پشاور میں بنوائی تھی،مغلیہ فنِ تعمیر کی شاہکار یہ عمارت اپنے دور کی خوبصورت ترین عمارتوں میں شامل تھی۔ 2015 سے پہلے عمارت عدم توجہ کی وجہ سے کھنڈر کامنظر پیش کر رہی تھی، 2015 میں آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ نے اسکی مرمت و بحالی کا کام شروع کیا جو اب مکمل ہو چکا ہے، وزیرِ اعظم نے عمارت کا دورہ کیا اور آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے کام کو سراہا۔