• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں لاک ڈاؤن 9 اگست کو ختم کرنے کا فیصلہ، این سی او سی


سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے بھر میں پیر سے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کیا، کاروبار کے اوقات رات آٹھ بجے تک کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ریسٹورنٹس میں آؤٹ ڈور ڈائننگ کھولنے اور شادی کی تقاریب کھلی جگہ پر کرنے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اسکولوں کو فی الحال مزید 10 دن بند رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی میزبانی میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا مشترکہ اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ، وفاقی وزیر اسدعمر، لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان، وزیراعظم کے معاون خصوصی سی پیک خالد منصور، میجر جنرل محمود، ڈاکٹر فیصل سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں بازار رات 8 بجے تک کھولنےکی تجویز دی گئی ہے جبکہ ریسٹورینٹس میں آؤٹ ڈور ڈائننگ کھولنےکا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شادی کی تقاریب کھلی جگہ پر کرنےکی اجازت دینےکا فیصلہ کیا گیا ہے، اوپن ایئر تقاریب میں 200 مہمانوں کو شرکت کی اجازت ہوگی۔

این سی او سی کے کراچی میں ہونے والے اجلاس میں شرکا کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر چھٹے ہفتے میں داخل ہوچکی ہے۔ اب ملک میں کوونا کیسز میں کچھ کمی آئی ہے۔ تاہم آزاد جموں کشمیر میں کوویڈ عروج پر ہے جہاں 26 فیصد کیسز ہیں۔


اجلاس میں سندھ بالخصوص کراچی میں کورونا صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 این سی او سی کے اجلاس میں کراچی، حیدر آباد سمیت 13 شہروں میں کورونا وائرس کی  ایس او پیز پر سخت عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سندھ میں اسکول دوبارہ کھولنے کا فیصلہ بین الصوبائی وزراء تعلیم اجلاس میں ہوگا، جبکہ سندھ میں امتحانات سے متعلق فیصلہ بھی آئندہ بین الصوبائی وزراء تعلیم اجلاس میں کیا جائے گا۔

این سی او سی  اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں محرم الحرام کے پیش نظر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے پیش نظر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے اور عالمی وباء پر قابو پانے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگائے جائیں گے۔

تازہ ترین