لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) فلموں کے معروف ولن سینئر اداکار شفقت چیمہ نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے شو میں فلموں کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے واقعات کے بارے میں بتایا۔ شفقت چیمہ نے ایک خوفناک حادثے کا ذکر کیا جس میں ان کی جان جاتے جاتے بچی تھی۔شفقت چیمہ نے بتایا کہ فلم ’’دل سنبھالا نا جائے‘‘ کی شوٹنگ کے دوران راول ڈیم میں میرا اور سعود کا ایکشن سین ہورہا تھا اس روز ڈیم میں پانی زیادہ تھا اور مجھے تیرنا نہیں آتا لیکن سعود کو تیرنا آتا تھا۔ جب میں اور سعود لڑتے لڑتے پانی میں کودے تو ہم دونوں ہی گہرائی میں پانی میں اندر چلے گئے۔اداکار نے بتایا جب ہم دونوں نے سر پانی سے باہر نکالا تو ہم 12 یا 14 فٹ دور جاچکے تھے۔ سعود کو تیرنا آتا تھا لہذا میں نے سعود کو کہا مجھے تیرنا نہیں آتا مجھے پکڑلو مجھے بچالو لیکن سعود نے مجھے دھکا دے کر دور پھینک دیا اور خود تیرتا ہوا باہر نکل گیا اور میں چلاتا رہ گیا کہ لوگوں مجھے بچالو میرے پاؤں زمین پر نہیں آرہے۔شفقت چیمہ یہ واقعہ بتاتے ہوئے آنسوؤں سے رو پڑے اور کہا میری حالت اتنی خراب ہوگئی تھی کہ میرا چھوٹا بھائی ندیم چیمہ جو اب ایک ڈائریکٹر ہے اس وقت اس سے میری یہ حالت نہیں دیکھی گئی اور وہ مجھے بچانے کیلئے پانی میں کود گیا لیکن اسے بھی تیرنا نہیں آتا تھا پھر مجھے ہوش نہیں آیا صرف اتنا یاد ہے کہ ہم دونوں بھائیوں کو بچانے کے لیے کوئی شخص جو اللہ کا فرشتہ بن کر آیا تھا پانی میں کودا اور اسی نے ہمیں بچایا اور ہمیں کنارے تک لے کر آیا۔ بہت مشکل سے ہماری جان بچی کیونکہ جب مجھے اور میرے بھائی کو پانی سے باہر نکالا گیا تو ہم دونوں کے پیٹ اور پھیپھڑوں میں پانی بھرا ہوا تھا۔شفقت چیمہ نے بتایا پانی سے باہر آنے کے بعد جب مجھے ہوش آیا تو مجھے پہلا خیال اپنے بھائی کا آیا اور میرے منہ سے یہ الفاظ نکلے ’’ندیم میرا بھائی مرگیا‘‘۔ لیکن میرے بھائی کو بھی بچالیا گیا تھا اور جب ہم دونوں بھائیوں نے ایک دوسرے کو دیکھا تو ایک دوسرے کے سینے سے لگ کر اس طرح روئے تھے جیسے ہم زندگی میں پہلی بار ملے۔