• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکڑانک ووٹنگ مشینوں کی ٹیسٹنگ مسترد کرتے ہیں، مریم اورنگزیب

لاہور(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان ،سابق وزیر اطلاعات و مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ کمرے میں ہونے والی الیکڑانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کی ٹیسٹنگ مسترد کرتے ہیں، اس میں پارلیمان اور اپوزیشن کی رائے شامل نہیں ،کیا الیکٹرانک ووٹنگ مشین ریٹرننگ افسران کے اغوا کی سوچ روک سکتی ہیں، ریٹرنگ افسران، انتخابی عملے کو اغوا اور ووٹ کے تھیلے چرانے والے اب مشینوں کے معائنے کا ڈرامہ کررہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے الیکڑانک ووٹنگ مشین کے معائنے پر ردعمل میں ترجمان مسلم لیگ (ن) نے سوال کیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ریٹرننگ افسران کے اغوا کی سوچ روک سکتی ہیں؟عمران صاحب مشینوں کے معائنے چھوڑیں، ووٹ چوری اور فراڈ کیسے ختم ہوگا، اس کی بات کریں ، انتخابی نتائج کے تاخیر سے اعلان کی کیا وجوہات ہیں، وہ قوم کو بتائیں، ڈرامے نہ کریں ، 2018 میں آرٹی ایس بٹھا کر مسلط ہونے والے عمران صاحب کو الیکڑانک مشینیں ہی ووٹ دیں گی، عوام کا آٹا چینی دوائی بجلی گیس چوری کرنے والوں کو پاکستان کے عوام ووٹ نہیں دیں گے ،پوری دنیا میں فیل ہونے والا نظام آپ کے کمرے میں ٹیسٹ ہونے سے پاس نہیں ہوجائے گا ، عمران صاحب کو یقین ہوچکا ہے کہ پاکستان کے عوام نہیں، انہیں ووٹ صرف مشین کی دھاندلی سے ہی مل سکتا ہے ،پاکستان کے عوام وہ نتیجہ کبھی قبول نہیں کریں گے جو ان کے ووٹ سے برآمد نہ ہو، عمران صاحب مشینوں کے ڈرامے سے فرصت ملے تو عوام کی مہنگائی کی خبر بھی لیں ۔

تازہ ترین