بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ سارہ علی خان آج اپنی 26ویں سالگرہ منا رہی ہیں، سالگرہ کے موقع پر اُنہوں نے سوشل میڈیا پر ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی ہے۔
اداکارہ سارہ علی خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی بچپن سے لے کر اب تک کی یادگار تصاویر پر مبنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
انہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ اپنی زندگی کی چوتھائی صدی گزار چکی ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ زندگی کے خوبصورت اور ہنستے مسکراتے 26سال تھے۔‘
سارہ علی خان سوشل میڈیا پر اپنی اصلی شخصیت عیاں کرنے کے لیے مشہور ہیں وہ کبھی بھی اپنی پرانی تصاویر شیئر کرنے سے نہیں ہچکچاتیں۔
سارہ علی خان جب کولمبیا یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم تھیں تو ان دنوں سارہ کا وزن 96 کلو تھا جو کہ انہوں نے بالی ووڈ میں اپنا کیریئر بنانے کے لیے کم کیا ہے۔
خیال رہے کہ سارہ علی خان معروف بھارتی اداکار سیف علی خان اور اداکارہ امریتا سنگھ کی بیٹی ہیں، انہوں نے 2018ء میں فلم ’کیدار ناتھ‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھا تھاجس میں مرحوم اداکار سوشانت سنگھ راجپوت ان کے پہلے شریک اداکار تھے۔
بعد ازاں اسی سال سارہ نے اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ فلم ’سمبا‘میں بھی کام کیا تھا۔