ٹوکیو میراتھون 2025 ایتھوپیئن رنرز کے نام رہا مینز ایونٹ کا ٹائٹل Tadese Takele نے جیت لیا جبکہ ویمن ایونٹ میں سوٹومی ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے۔
ٹوکیو میراتھون میں پاکستان کے 23 رنرز بھی شریک ہوئے، اسلام آباد کے بلال احسن پاکستانیوں میں تیز ترین جبکہ کوکب سرور پاکستانی خواتین میں سب سے آگے رہیں۔ جیو نیوز کے اینکر محمد جنید نے بھی ٹوکیو میراتھون میں حصہ لیا۔
سال کی پہلی میجر ورلڈ میراتھون جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہوئی، ٹوکیو میراتھون کے 18ویں ایڈیشن کا آغاز ٹوکیو میٹروپولیٹن بلڈنگ سے ہوا جس میں 38 ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا۔
ایتھوپیا کے Tadese Takele نے 42 اعشاریہ 2 کلو میٹر کا فاصلہ 2 گھنٹے ، 3 منٹ اور 23 سیکنڈز میں طے کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا ۔ ویمن کیٹیگری میں بھی ایتھوپیا کی رنر چھائی رہیں۔
سٹومی نے فاصلہ 2 گھنٹے، 16 منٹ اور 31 سیکنڈز میں طے کرکے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔
دنیا کی 6 بڑی میراتھون میں سے ایک ٹوکیو میراتھون میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے 23 رنرز نے بھی حصہ لیا جس میں 19 مرد اور 4 خواتین شامل تھیں۔
اسلام آباد کے بلال احسن نے 3 گھنٹے، 21 منٹ اور 32 سیکنڈز میں دوڑ مکمل کرکے تیز ترین پاکستانی رہے، خواتین رنرز میں کراچی کی کوکب سرور نے فاصلہ 3 گھنٹے، 52 منٹ 25 سیکنڈز میں مکمل کیا۔