اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ بار اور بنچ ایک ہی نظام کے اہم جزو ہیں،دونوں کوانصاف فراہمی کیلئے سخت محنت کرنی چاہئے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز پشاور ہائیکورٹ بار کے صدر کی قیادت میں 12 رکنی وفدسے سپریم کورٹ میں ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کیا جس نے چیف جسٹس کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جبکہ چیف جسٹس گلزار احمد نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی،چیف جسٹس نے وفد کے اراکین کا استقبال کیا ۔وفدکے اراکین نے چیف جسٹس کی جانب سے ملاقات کیلئے وقت دینے پر انکا شکریہ ادا کیا اور فراہمی انصاف کے راستے میں درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے چیف جسٹس سے درخواست کی کہ سپریم کورٹ کی پشاور برانچ رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کیلئے باقاعدہ بنچ تشکیل دیا جائے۔