• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹنڈوجام، ریلوے پٹری پر دھماکا، 9 بوگیاں تباہ، ٹریک کو شدید نقصان، بہاولپور میں ریلوے پل تباہ کرنے کا منصوبہ ناکام

حیدرآباد، ٹنڈوجام (بیورو رپورٹ، نامہ نگار) پیر کی دوپہر ٹنڈوجام کے قریب ریلوے کی پٹری پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں مال بردار گاڑی کی 9 بوگیاں تباہ ہوگئیں جبکہ ریلوے ٹریک کو شدیدنقصان پہنچا اور ٹرینوں کی آمدرفت معطل ہوگئی، چھٹو پیرریلوے پھاٹک کے پاس ریلوے لائن پر اس وقت زوردار دھماکا ہو ا جب کراچی سے لاہور جانے والی مال بردار ٹرین گزر رہی تھی دھماکے کے نتیجے میں مال گاڑی کے درمیانے حصے کی 9 بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں اور دور جا گریں اور تباہ ہو گئیں، دھماکے سے ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا اور کئی سو فٹ تک ریلوے ٹریک کا وجود ہی ختم ہو گیا،واقعہ تخریب کاری کا نتیجہ بھی ہو سکتا ہے ،واقعہ کے بعد ریل گاڑیوں کی آمدرفت معطل ہو گئی اور آنے والی ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا،اطلاع ملنے پرریلوے کے افسران اور پولیس حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حادثے کا جائزہ لیا،عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت بہت بڑا دھماکا ہوا جو دور تک سنا گیا،آخری اطلاعات تک ریلوے لائن پر ٹرینوں کی آمدرفت معطل تھی۔ ادھرحیدرآباد میں لطیف آباد نمبر 7 اور پھلیلی کے علاقوں میں ریلوے عملے کی غفلت کے باعث دو مال گاڑیاں ٹکراگئیں اور پاکستان ایکسپریس کانٹا تبدیل نہ ہونے کی وجہ سے متروک ٹریک پر چڑھ گئی اور ایک بوگی پٹری سے اتر گئی‘ مال گاڑی کے دو ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے‘ ریلوے عملہ دو گھنٹے کی تاخیر سے پہنچا‘ ٹرین کے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تازہ ترین