• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جشن آزادی راولپنڈی، اسلام آباد میں جوش و خروش سے منایاگی، اظہار تشکر

اسلام آباد‘ راولپنڈی (نیوز رپورٹر‘ وقائع نگار‘ خبر نگار خصوصی‘ خصوصی نمائندہ‘ خصوصی رپورٹر‘ نمائندہ جنگ‘ نامہ نگار‘ خصوصی رپورٹ) 74واں جشن آزادی راولپنڈی اسلام آباد میں بھی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس مقصد کیلئے راولپنڈی میں سرکاری، نیم سرکاری، نجی، سیاسی، مذہبی و سماجی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ پرچم کشائی کی تقریبات کے علاوہ تحریک آزادی پاکستان کے قائدین اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سیمینارز اور کانفرنسز بھی منعقد کی گئیں۔ گورنمنٹ وقار النساء کالج برائے خواتین میں کمشنر راولپنڈی سید گلزار حسین شاہ نے آر پی او عمران احمر اور ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ ایم این اے شیخ راشد شفیق نے خطاب کیا۔ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں سینئر جج جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی نے پرچم کشائی کی اور قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر جسٹس سہیل ناصر، جسٹس ریٹائرڈ ناصر سعید شیخ، سینئر ایڈیشنل رجسٹرار راجہ غضنفر، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر سردار عبدالرازق، سیکرٹری شاہد علی، رکن پنجاب بار کونسل بشارت اللہ خان، سابق صدر پاکستان بار کونسل قلب حسن، وکلاء اور افسران نے شرکت کی۔ پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ پرچم کشائی تقریب میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اشفاق احمد رانا نے دیگر ججوں اور سیکرٹری بار عمران یوسف خان نیازی کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر نائب صدر عنصر محمود، جوائنٹ سیکرٹری عائشہ اشتیاق، سردار منظر بشیر، ملک طارق ساجد اعوان، حنا منظور، سجاد اکبر عباسی، شاہد محمودو دیگر عہدیداران اور بار کے ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے پرچم کشائی کی اور پودا لگایا۔ انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے زیر اہتمام 74ویں یوم آزادی کے موقع پر سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر ثمینہ سلیم نے بورڈ افسران و ملازمین کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ پنجاب آرٹس کونسل میں جشن یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا اور رکن پنجاب اسمبلی سیمابیہ طاہر نے دیگر افراد کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین ضلع راولپنڈی کی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اور سابق رکن ضلع کونسل راولپنڈی طاہرہ مشتاق کے دفتر میں تقریب ہوئی۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری نوید نذیر ستی، عاصمہ ناز، سابق ایم پی اے لبنیٰ ریحان پیرزادہ، سیکرٹری اطلاعات ملیحہ حسین چوہدری، شاہین صدیق، فرحت سلطانہ اور دیگر بھی موجود تھیں۔ پتریاٹہ چیئر لفٹ نیو مری میں منیجر اعجاز بٹ نے پرچم کشائی کی۔ مسلم لیگ (ن) کے پبلک سیکرٹریٹ میں سابق امیدوار قومی اسمبلی سجاد خان نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کا عطا کیا ہوا ایک عظیم تحفہ ہے‘ ہمیں اسکی سلامتی اور استحکام کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہئے۔ صنوبر گل، چوہدری خالد، سماجی رہنماء چوہدری خورشید انور، حکیم محمود سہارنپوری، محمود خان بنگش، سرمد خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی دارالحکومت میں بارش کے باوجود جشن آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ مختلف شاہراہوں مری روڈ، سری نگر ہائی وے، ایکسپریس وے پر بڑی تعداد میں سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں، سٹکرز، بیجز کے سٹالز لگائے گئے تھے۔ یوم آزادی کے موقع پر بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر جوش و خروش سے نعرہ بازی کرتے رہے اور قوم پرچم لہرا کر جشن آزادی مناتے رہے۔ اس موقع پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں بھی لگی رہیں۔ اس موقع پر فیملیز کی بڑی تعداد بچوں کے ہمراہ جھنڈوں اور سٹکرز وغیرہ کی خریداری میں مصروف نظر آئی۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں یوم آزادی پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم، رجسٹرار راجہ عمر یونس، پرنسپل آفیسرز، اساتذہ اور ملازمین نے شرکت کی۔ گارڈ آف آنرز کے بعد وائس چانسلر نے پرچم کشائی کی۔ ڈائریکٹر ڈاکٹر بخت رواں‘ عزیز الرحمان سمیت دیگر افسران کی بڑی تعداد نے جشن آزادی پرچم کشائی تقریبات میں شرکت کی۔ راولپنڈی جی پی او میں چیف پوسٹ ماسٹر عبدالغفار بروہی نے پرچم کشائی کی۔ مہمان خصوصی نے خطاب میں آزادی کو اللہ کی بڑی نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیں اسلاف کی عظیم جدوجہد اور قربانیوں کی بدولت حاصل ہوا۔راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے جاری مہم ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ کے سلسلہ میں گزشتہ روز مین پشاور روڈ کے علاقہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پریزیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ بریگیڈیئر اعجاز قمر کیانی، کمشنر راولپنڈی گلزار حسین شاہ، چیئرمین این ایچ اے کیپٹن (ر) محمد خرم آغا، ڈپٹی کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر غلام صابر بسرا سمیت دیگر موجود تھے۔ پاکستان سویٹ ہوم میں تقریب کے مہمان خصوصی ایم ڈی پاکستان بیت المال ظہیر عباس کھوکھر تھے۔ سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، سابق ایم این اے انجم عقیل خان، سابق ڈی جی نادرا خورشید ملک، چوہدری نزاکت، طارق مغل، عامر خان، خورشید انور، ملک افضل، یوتھ پارلیمنٹ کے صدر رضوان جعفر سمیت دیگر نے شرکت کی۔ سویٹ ہومز کے سربراہ زمرد خان نے کہا کہ یتیم بچوں کیلئے دنیا کے پہلے کیڈٹ کالج کا آغاز اسی مہینے کر دیا جائیگا۔ ایم ڈی بیت المال ظہیر عباس کھوکھر نے کہا کہ جس طرح یہاں بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے‘ ایک دن پاکستان کے تمام شعبوں میں بھی بہترین خدمات سرانجام دینگے۔ عبدالستار ایدھی کے بعد اللہ نے زمرد خان کو عزت دی ہے۔ انجم عقیل خان اور رضوان جعفر نے بھی خطاب کیا۔ نمل میں پرچم کشائی کی تقریب کے مہمان خصوصی پرو ریکٹر بریگیڈیئر (ر) محمد ابراہیم تھے۔ مختلف ڈیپارٹمنٹس کے ڈین، ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹس، فیکلٹی ممبران، آفیسرز اور دیگر سٹاف نے شرکت کی۔ میٹرو پولیٹن اسلام آباد کی تقریب میں ڈپٹی ڈی جی ریونیو/ایچ آر، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، سٹاف نے شرکت کی۔ ایڈمنسٹریٹر سیدہ شفق ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کیلئے جوانوں، بوڑھوں، بچوں اور خواتین نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ لوک ورثہ میں وزارت قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے زیر اہتمام یوم آزادی کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے منایا گیا۔ لوک ورثہ کمپلیکس اور مانومنٹ میوزیم شکر پڑیاں پر مختلف پروگرام ترتیب دیئے گئے۔ کتب کی نمائش اور جدوجہد آزادی پر مبنی فوٹو گرافی نمائش ہوئی۔ راولپنڈی پنجاب آرٹس کونسل میں پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی۔ مہمان خصوصی ممبر پنجاب اسمبلی سیمابیہ طاہر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، ہماری پہچان پاکستان سے ہے۔ ہمیں سوچنا چاہئے کہ پاکستان کو ہم نے کیا دیا۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد نے بھی خطاب کیا۔ جماعت اسلامی حلقہ این اے54 کی یونین کونسل جھنگی سیداں، این اے53 کی یونین کونسل سوہان اور این اے 52کی یونین کونسل لوہی بھیر‘ سی بی آر ٹائون اور یوسی علی پور میں پرچم کشائی تقاریب ہوئی۔ نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا، محمد کاشف چوہدری اور ملک عبد العزیز نے قومی پر چم لہرایا۔ پیپلز پارٹی کینٹ کے صدر ملک ظہیر ارشد، جنرل سیکرٹری ملک قاسم ادریس، ضلعی صدر چوہدری ظہیر محمود سلطان اور شعبہ خواتین کی صدر سمیرا گل نے پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار برائے کونسلر راولپنڈی کینٹ وارڈ نمبر ایک ملک اشتیاق کے الیکشن آفس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کسی نعمت سے کم نہیں۔ نیپرا ہیڈ کواٹرز میں بھی یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں چیئرمین نیپ توصیف ایچ فاروقی، وائس چئیرمین رفیق احمد شیخ اور ممبر بلوچستان رحمت اللہ بلوچ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ چیئرمین نیپرا نے عزم کا اظہار کیا کہ نیپرا پاور سیکٹر کا واحد ریگولیٹر ہونے کے ناطے پاکستان کے صارفین کوسستی، قابل اعتماد اور پائیدار بجلی کی فراہمی کے ذریعے ملک کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گا۔ انجمن فیض الاسلام فیض آباد مرکز میں پرچم کشائی کی صدارت صدر انجمن پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد نے کی جبکہ اس موقع پر سنیئر نائب صدر محترمہ اظہار فاطمہ، نائب صدر پروفیسر رفیق چوہان، جنرل سیکرٹری راجہ فتح خان، سیکرٹری مالیات راجہ صابر حسین، کرنل (ر) جمیل اطہر، پروفیسر نیاز عرفان، طاہر ضیاء، محمد اسلم اور دیگر موجود تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان وائس چانسلر پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے جشن آزادی کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو مظبوط، ترقی پسند اور خوشحال بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں۔ وفاقی اردو یونیورسٹی میں پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقاریب کا انتظام و میزبانی ڈاکٹر عامر ندیم انچارج اسلام آباد کیمپس و شاہ جی محمد ایڈیشنل رجسٹرار کی طرف سے کیا گیا۔ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی ڈویژن کے صدر ابرار احمد خان نے کہا کہ جشن آزادی پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ایپسما خواتین ونگ ضلع راولپنڈی کی صدر سکینہ تاج، شاہد جمیل اور کامران سیف قریشی نے بھی خطاب کیا۔ این ٹی ڈی سی نے ملک بھر میں یوم آزادی پورے جوش و جذبے سے منایا۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر اعزاز احمد نے کوٹ لکھپت میں پرچم کشائی کی۔ کنٹونمنٹ بورڈ چکلالہ وارڈ سیون کے امیدوار برائے ممبر کنٹونمنٹ بورڈ نے جشن آزادی پر اپنے مرکزی الیکشن آفس میں عوامی وفود سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے قول تنظیم‘ اتحاد اور یقین محکم کو اپنی زندگی کی شعار بنائیں گے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی تقریب میں حامد اطہر ملک اورحلقہ این 52 کے گروپ لیڈر ملک عبد العزیز نے شرکت کی اور پرچم کشائی کی۔ حامد اطہر ملک نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم کی قیادت میں الگ وطن کا حصول ممکن بنایاجس نے ہمیں ایک نظریہ دیا اور قوم بنایا۔ ملک عبد العزیز نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن جیسے ادارے قوموں کے ماتھے کا جھومر ہیں اور انکی سماجی خدمات قابل تقلید ہیں۔
تازہ ترین