اسلام آباد(نمائندہ جنگ،این این آئی) وزیر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اسلاموفوبیا کی بڑھتی لہر کیخلاف امت مسلمہ کی آواز بن چکا ، جبکہ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ملکی تعمیر و ترقی کیلئے بھرپور کاوشیں کرنے پر پاکستانی قوم لائق تحسین ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ آج ہم سب آزادی مناتے ہوئے بابائے قوم اورقیام پاکستان کی جدوجہد کرنے والی نسلوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان لاکھوں مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے قیام پاکستان کیلئے ہجرت کی اور عظیم قربانیاں دیں، ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے بھرپور کاوشیں کرنے پر پاکستانی قوم لائق تحسین ہے۔