• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان سول مارشل لا ایڈمنسٹریٹر بننا چاہتے ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان میڈیا اتھارٹی بل کے ذریعے ملک میں سول مارشل لاایڈمنسٹریٹر بننا چاہتے ہیں،کوئی عمران صاحب کو تاریخی الیکشن چور، سلیکٹڈ،کرپٹ نہ کہے، اِس لئے میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی لا رہے ہیں۔

ایک بیان میں کہاکہ سلیکٹڈ ٹولے کی میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نا منظور اور مسترد کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آپ ملک میں آمریت، فسطائیت اور نازی پارٹی کی سوچ مسلط کررہے ہیں، اسلئے یہ ڈرامہ کیاجارہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ سچ کا گلا گھوٹنے والی کٹھ پتلیاں جھوٹ کی پیروکار ہیں،اسلئے میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے نام پر آمریت مسلط کی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ منتخب اور عوام کی نمائندہ حکومت عوام اور میڈیا کی رائے، تنقید سے نہیں گھبراتی، منتخب اور مسلط میں یہی فرق ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ہمارے ملک میں22 کروڑ عوام ہیں جس کا عمران صاحب آٹا اور چینی کھا گئے، اِسلئے میڈیا اتھارٹی لا رہے ہیں ،عوام کا بجلی گیس اور وزگار چوری کر لیا، اِس پر میڈیا بات نہ کرے اِسلئے میڈیا اتھارٹی لا رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ تین سال سے میڈیا اور صحافیوں پہ حملے اور اب میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی لا رہے ہیں، دن دیہاڑے صحافیوں کو گولیاں مارنے، ڈنڈے برسانے اور کوئی بات نہ کرے، اِس لئے میڈیا اتھارٹی لا رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ایک طرف عمران مافیا کی الیکٹرونک ووٹنگ مشین اور دوسری طرف میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی ؟عوام سب جانتے ہیں،الیکٹرونک ووٹنگ مشین ووٹ دے تو اخبار، ٹی وی ، سوشل میڈیا کا منہ بند رہے، اِس لئے میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی لائی جا رہی ہے۔

تازہ ترین