• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز، حمزہ کیخلاف کیس کی سماعت 4 ستمبر تک ملتوی


لاہور کی عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف مبینہ مالیاتی اسکینڈل میں درخواست ضمانت کی سماعت وکیل کے پیش نہ ہونے پر 4ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

بینکنگ جرائم کورٹ میں مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز پیش ہوئے، عدالت کے باہر موجود پولیس نے لیگی رہنماؤں کےساتھ وکلاء کو اندر جانے سے روک دیا۔

اس موقع پر وکلا نے احتجاج کیا، نون لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب بھی عدالت کے باہر موجود تھیں۔

شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز آج عدالت میں پیش نہیں ہوئے ، ان کے جونئیر وکلا نے عدالت سے درخواست کی کہ ہماری جانب سے التوا کی پہلی درخواست ہے، آج کی سماعت ملتوی کی جائے، اس پر عدالت نے سماعت 4ستمبر تک ملتوی کردی۔

بینکنگ کورٹ میں پیشی کے بعد شہباز شریف ، حمزہ شہباز عدالت سے روانہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کےالزام میں ایف آئی اے کے کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔

بینکنگ کورٹ نے فریقین کے وکلا کو آج کی سماعت میں بحث کےلیے طلب کر رکھا تھا، سماعت سے قبل سیکیورٹی کیلئے پولیس نے ملحقہ سڑکیں بند کر رکھی تھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے واٹر کینن بھی منگوا لی تھی۔

تازہ ترین