• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان وفد کی وزیر خارجہ شاہ محمود سے ملاقات

اسلام آباد میں افغان رہنماؤں کے وفد نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارتِ خارجہ میں آمد کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کیا اور کہا کہ ضروری ہے ہم مل کر افغانستان اور خطے کی بہتری کیلئے لائحہ عمل وضع کریں۔

شاہ محمود قریشی کاکہنا تھا کہ ہمارا حتمی مقصد پرامن، متحد، جمہوری، مستحکم اور خوشحال افغانستان ہے،قوی امید ہے کہ ہم مل کر امن اور مفاہمت کو آگے بڑھا سکتے ہیں، عالمی برادری واضح طور پر افغانستان میں امن اور مفاہمتی عمل کی حامی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان قیادت کیلئے لازم ہے افغانستان کےوسیع البنیاد اورجامع سیاسی حل کی راہ ہموار کریں،ہم سمجھتے ہیں کہ جامع مذاکرات افغان مسئلے کے پرامن سیاسی حل کا واحد راستہ ہیں،نہیں چاہتےکہ افغانستان میں بدامنی ہو اور اندرونی انتشار سے ہمسایہ ممالک متاثر ہوں۔

شاہ محمود نے مزید کہاکہ امن مخالف عناصر پر بھی کڑی نظر رکھنا ہوگی، امن مخالف عناصر پاکستان کےمصالحانہ کردار کو غلط رنگ دینےکی کوششوں میں مصروف ہیں، افغانستان کی حتمی منزل کے حصول میں افغان معاشرے کا ہر طبقہ یکساں اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہاکہ توقع ہے تمام افغان رہنما، وسیع تر قومی مفاد میں مل کر کاوشیں بروئے کار لائیں گے، پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا تعمیری اور مصالحانہ کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

تازہ ترین