• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائرنگ سے باپ بیٹی، مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق، 2 زخمی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )میمن گوٹھ میں فائرنگ سے باپ بیٹی اور دیگر واقعات میں 2افراد جاں بحق 2زخمی ہوگئے،تفصیلات کےمطابق میمن گوٹھ تھانے کی حدود ابراہیم مسجد کے قریب اتوار اور پیر کی درمیانی شب فائرنگ کے واقعہ میں باپ بیٹی جاں بحق اور ایک لڑکی زخمی ہو گئی، جاں بحق افراد میں 17 سالہ بشری بتول دختر غلام حیدر اور 50 سالہ غلام حیدر ولد رسول بخش جبکہ زخمی لڑکی کی شناخت 17 سالہ زینب دختر جاوید کے ناموں سے ہوئی۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق دو ملزمان نے گھر کے اندر گھس کر فائرنگ کی،متوفی غلام حیدر تعویذ گنڈے کرتا تھا اور بتایاجاتاہے کہ مقتول کے تعویذ گنڈوں سے 6 ماہ قبل ایک خاتون مرگئی تھی۔مرنے والی خاتون کے بیٹے نے غلام حیدر سے بدلہ لینے کی دھمکی دی تھی اور ابتدائی طور پر یہی معلوم ہوا ہے کہ دھمکی دینے والے شخص نے فائرنگ کی۔جنجال گوٹھ چاند بنگلو کے قریب جھاڑیوں سے ایک خاتون کی لاش ملی ،خاتون کی شناخت 50 سالہ گائو رانی زوجہ بخش کے نام سے ہوئی۔بھینس کالونی میں بھینسوں کے باڑے میں حوض سے 18سالہ آصف کی ڈوبی ہوئی لاش ملی ۔پولیس نے بتایا کہ متوفی حوض میں نہا رہا تھا اور حوض گہرا ہونے کی وجہ سے وہ ڈوب کر جاں بحق ہو گیا ۔عائشہ منزل کے قریب ٹرک کی ٹکرسے موٹرسائیکل پر سوار ایک شخص جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا،پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 25سالہ الہی بخش کے نام سے ہوئی جبکہ 20سالہ احسن کو طبی امداد دی جارہی ہے ، پولیس کے مطابق ٹرک ڈرائیور موقع سے ٹرک چھوڑ کر فرار ہوگیا جبکہ پولیس نے ٹرک تحویل میں لیکر تھانے منتقل کر دیا۔

تازہ ترین