اسلام آباد (نمائندہ جنگ رپورٹر) تمام تر تیاریوں کے باوجود سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس، احمد علی شیخ کی بطورایڈہاک جج سپریم کورٹ حلف برداری نہ ہوسکی، جسٹس احمد علی شیخ کی مستقل حیثیت چھوڑ کر بطور ایڈہاک (عارضی )جج سپریم کورٹ حلف برداری ہونا تھی جس کیلئے بدھ کی صبح سپریم کورٹ کے ہال میں تمام تر تیاریاں مکمل تھیں تاہم جوڈیشل کمیشن کے اراکین اور صدر مملکت عارف علوی کو لکھے گئے خطوط کے عین مطابق ایک سال کیلئے بطور عارضی جج حلف برداری کیلئے جسٹس احمد علی شیخ سپریم کورٹ نہ پہنچے اوریوں توقع کے عین مطابق حلف برداری کی تقریب نہ ہوسکی جبکہ دوسری جانب انکی جانب سے حلف اٹھانے کیلئے اسلام آباد نہ آنے کے نتائج سے متعلق رد عمل دیتے ہوئے آئینی و قانونی ماہرین نے کہا ہے کہ حلف نہ لینے پر ان کیخلاف کسی قسم کی کوئی آئینی یا قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکتی اور وہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے عہدہ پر قائم رہیں گے۔