بہاول نگر میں جلوس پر کریکر حملے میں دو افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق بہاول نگر کے سٹی چوک میں کریکر دھماکا ہوا، دھماکے کی جگہ سے ایک مشکوک شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے میں دو افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو ملزمان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر محرم الحرام کے دوران فساد پیدا کرنا چاہتے ہیں، ملک دشمن سازشوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سخت سیکیورٹی میں جلوس میں دہشت گردی حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ، دہشت گرد فرقہ وارانہ فساد پھیلانے کے ایجنڈے میں ناکام رہیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے بہاول نگر واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، قانون نافذ کرنے والے ادارے، انتظامیہ ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔