برسلز(عظیم ڈار) ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کشمیر پریمئیر لیگ کا مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم فائنل میچ دیکھا۔مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کہا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی فرق دیکھ لے کہ آزاد کشمیر میں کھیل ، معاشرہ، حکومت اور عوام بالکل آزاد ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ایک بڑے بین الاقوامی ایونٹ کا فائنل کھیلا جا رہا ہے۔ جس میں لوگوں کا جذبہ دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ یورپ یا امریکہ میں میچ دیکھ رہا ہوں۔ جبکہ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں ہندو ستان کی 9 لاکھ افواج نے 1 کروڑ 35 لاکھ نفوس پر مشتمل کشمیری عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے ۔ جبکہ مقبوضہ کشمیر میں نریندرا مودی درختوں سے خطاب کرکے بین الاقوامی دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے۔ انھوں نے آزاد جموں وکشمیر کے حالیہ انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں حال ہی میں الیکشن کے بعد نئی حکومت قائم ہوئی ہے۔انھوں نے نو منتخب صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مبارکباد کا پیغام دیا اور کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود تحریک کشمیر کے متحرک اور باوقار رہنما ہیں، جنہوں نے پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔ انھوں نے اتنے بڑے شاندار میگا ایونٹ کے انعقاد پر کشمیر پریمئیر لیگ کے منتظمین کو مبارکباد دی اور کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ میں کھیلنے والے تمام کھلاڑیوں بالخصوص بین الاقوامی کھلاڑیوں کے شکرگزار ہیں جو ہندوستان کے شدید دباؤ کے باوجود یہاں کرکٹ کھیلنے کے لیے آئے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی ، اقوام متحدہ ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور یورپین یونین اپنی آنکھیں کھولیں اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی روک تھام کےلیے ثالثی کا کردار ادا کریں ۔